شہری کوآف لوڈکرنیوالے افسرکی عدم پیشی پرعدالت برہم
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے طلب ،متعلقہ ریکارڈ ساتھ لانے کاحکم جس شہری کو بھی آف لوڈ کریں اسکی وجہ لکھیں:اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے انڈونیشیا جانے والے شہری کو آف لوڈ کرنے کے خلاف کیس میں آف لوڈکرنے والے افسر کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا،جسٹس ایاز شوکت نے شہریوں کو وجہ بتائے بغیر آف لوڈ کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جس کو بھی آف لوڈ کریں اسکی وجہ لکھیں۔گزشتہ روز سعید خان کی درخواست پر سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر ایف آئی اے حکام عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالتی حکم پر شہری کو آف لوڈ کرنے والا افسر پیش نہ ہوا۔
جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جس نے آف لوڈ کیا تھا وہ خود کیوں نہیں آئے ، جس پراسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے نے بتایاکہ جس نے آف لوڈ کیا انکے والد کو کارڈیک مسئلہ تھا،اس لیے نہیں آسکے ، جسٹس ایاز شوکت نے کہا آئندہ سماعت پر انہیں کہیں پیش ہوں اور ساتھ سرٹیفکیٹ لے کر آئیں،جسٹس ایاز شوکت نے ایف آئی اے حکام سے کہا اپنا بیان حلفی جمع کروائیں اور یہ رپورٹ بھی تبدیل نہ ہو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل بھی اپنا بیان حلفی جمع کروائیں،ائیرپورٹ کے معاملات کون دیکھتا ہے ،ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ائیرپورٹ کے سارے معاملات دیکھتے ہیں، جسٹس ایاز شوکت نے کہا انہیں کہیں منگل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور متعلقہ ریکارڈ ساتھ لائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments