سپیشل پے سکیلز پر کنٹریکٹ بنیادوں پرتقرری کی پالیسی میں ترمیم منظور

 سپیشل پے سکیلز پر کنٹریکٹ بنیادوں پرتقرری کی پالیسی میں ترمیم منظور

مستقل سول سرونٹس کو کنٹریکٹ اسامیوں پر ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعیناتی کی اجازت مل گئی نئی پالیسی وفاقی و صوبائی اداروں میں مخصوص پے سکیلز کی اسامیوں پر بھی لاگو ہوگی

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے سپیشل پے سکیلز پر کنٹریکٹ بنیادوں پر تقرری کی پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی ۔نئی پالیسی کے تحت سول سرونٹس کو سپیشل پروفیشنل پے سکیل، سپیشل مینجمنٹ پے سکیل اور پراجیکٹ پے سکیل کی کنٹریکٹ اسامیوں پر مخصوص مدت کے لیے تعینات کیا جا سکے گا۔ ایسی تعیناتی کو ڈیپوٹیشن تصور کیا جائے گا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سپیشل پے سکیل و مینجمنٹ اسامیوں پر تقرری کی پالیسی 2025 میں جزوی ترمیم کے مطابق اگر کوئی سول سرونٹ مقابلے کے ذریعے سرکاری کارپوریشن، اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائز (SOE)، خودمختار ادارے یا دیگر ادارے میں سپیشل پے سکیل یا کنٹریکٹ اسامی پر منتخب ہوتا ہے تو اسے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر عہدہ سنبھالنے کی اجازت ہوگی۔

ایسی تمام تعیناتیوں پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی 3 دسمبر 1990 کی ڈیپوٹیشن پالیسی اور اس میں وقتاً فوقتاً کی جانے والی ترامیم لاگو ہوں گی۔پالیسی کے مطابق ‘‘سرکاری ملکیت’’ سے مراد ایسے ادارے ہوں گے جہاں حکومت اکثریتی حصص اور انتظامی اختیارات رکھتی ہو۔ اس تعریف میں وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کے زیر انتظام ادارے شامل ہوں گے ۔یہ طریقہ کار اور شرائط صرف وفاقی سول سرونٹس پر لاگو ہوں گی جو وفاقی یا صوبائی حکومتوں کے تحت سپیشل پے سکیلز یا کنٹریکٹ اسامیوں پر عارضی طور پر تعینات ہوں گے ۔سابقہ پالیسی کے تحت ریگولر سول سرونٹس کو سپیشل پے سکیلز کی کنٹریکٹ اسامیوں پر تقرری سے قبل مستقل سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ یا استعفیٰ دینا لازمی تھا۔ نئی ترمیم کے بعد یہ پابندی ختم کر دی گئی اور مستقل سول سرونٹس ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر ایسی اسامیوں پر تعینات ہو سکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...