گرین انکلیو ون 18ماہ میں مکمل کیا جائے :سینیٹ کمیٹی

 گرین انکلیو ون 18ماہ میں  مکمل کیا جائے :سینیٹ کمیٹی

اسلام آباد (اے پی پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے گرین انکلیو ون ہاؤسنگ سکیم کو آئندہ 18ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف جی ای ایچ اے کی ہاؤسنگ سکیموں سے تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایف جی ای ایچ اے نے اسلام آباد کے ایف 12، جی 12، جی 14، جی 15اور دیگر منصوبوں میں کارروائی کے دوران 60 فیصد سے زائد تجاوزات ختم کر دی ہیں جبکہ مختلف سیکٹرز میں تقریباً 3 ہزار کنال تجاوزات سے واگزار کرائی گئی ۔ کمیٹی کے چیئرمین نے ایف جی ای ایچ اے کو تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے اور تمام ہاؤسنگ سکیموں سے مکمل طور پر تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی کی تحریری رپورٹس کمیٹی کو پیش کرنے کا حکم دیا۔گرین انکلیو ون سے متعلق بریفنگ میں نیب نے بتایا کہ منصوبے سے متعلق انکوائری سپریم کورٹ سے 2018 میں کلیئرنس ملنے کے بعد ختم کر دی گئی تھی۔

تاہم کلیئرنس کے باوجود منصوبہ کئی سال تک مکمل نہ ہوسکا جس کے باعث لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا اور الاٹیز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کمیٹی نے گرین انکلیو ون کی تکمیل میں طویل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے جائز حقوق کے تحفظ کا متفقہ فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ جوائنٹ وینچر پارٹنر کی جانب سے تاخیر کے باوجود ایف جی ای ایچ اے نے معاہدے میں موجود جرمانے کی شق نافذ نہیں کی۔ کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرین کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور ایف جی ای ایچ اے کی تمام ہاؤسنگ سکیمیں قانون اور عدالتی احکامات کے عین مطابق تعمیر کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...