اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ،15ستمبر کو اے پی سی کا فیصلہ:اچکزئی کی وزیراعظم سے اسی ماہ ملاقات کا امکان

اپوزیشن  رہنماؤں  کا  اجلاس ،15ستمبر  کو  اے  پی  سی  کا  فیصلہ:اچکزئی  کی  وزیراعظم  سے  اسی  ماہ  ملاقات  کا  امکان

شہبازشریف ،اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے شیڈول پر مشاورت مکمل، اچکزئی نے علامہ ناصر کواعتماد میں لیا پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمن سے ملاقات،مشترکہ جدوجہد پر گفتگو:اعلامیہ،محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر رابطہ ہے :گوہر

اسلام آباد (سہیل خان، اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان 15 سے 20 ستمبر کے درمیان ملاقات کا قوی امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے شیڈول پر مشاورت  مکمل ہوگئی ہے ۔ محمود خان اچکزئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کو وزیراعظم آفس سے ہونے والے رابطے کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن میں تقرریوں پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، خط کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے جس کا مثبت جواب ملا۔ دونوں اطراف سے رابطے ہوئے ہیں۔ محمود خان اچکزئی کے چیمبر کی جانب سے وزیراعظم آفس سے رابطہ کرکے کہا گیا تھا کہ ہم تیار ہیں، شیڈول طے کرلیا جائے ۔

انہوں نے کہا ہم بھی چاہتے ہیں سیاسی درجہ حرارت کم ہو، لیکن ایک طرف کنٹینرز رکھ دیے جاتے ہیں، حکومت خود سیاسی درجہ حرارت بڑھاتی ہے ۔ادھر محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور بھرپور تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کیلئے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔اپوزیشن نے ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا۔ اے پی سی میں ملکی مسائل کے حل کیلئے اجتماعی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے ، جس میں اے پی سی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کی قیادت میں وفد نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس اور پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد میں سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور فردوس شمیم نقوی شامل تھے ، جبکہ جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا اسعد محمود بھی موجود تھے ۔جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی مجوزہ اے پی سی، 27 ستمبر کے احتجاج، رول آف لاء اور آئین کی بالادستی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک میں آئینی و جمہوری نظام کے استحکام، سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا صوبوں کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے ، پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گی۔ قومی ایشوز پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔

ہمارا لانگ مارچ انصاف کیلئے ہے اور پرامن ہوگا۔جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا اے پی سی بلانے پر مشاورت ہوئی ہے ، نئے صوبوں کے معاملات بھی زیرغور آئے ہیں۔ ملک میں مہنگائی اور بدامنی ہے ، ہم ملک بھر میں ورکرز کنونشن کر رہے ہیں۔ اے پی سی کا بنیادی مقصد بہتر نتائج نکالنا ہے ، پارلیمنٹ سے باہر جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی۔قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا 27 ستمبر کا احتجاج مؤخر کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں، احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے ۔ یہ صرف پی ٹی آئی کا فیصلہ نہیں، تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر رابطہ رہتا ہے ، اس کی تفصیلات میڈیا کو نہیں بتا سکتے ۔ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے ، جسے کبھی چھپایا نہیں گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...