اسلام آباد و دیگر علاقوں میں طوفانی بارش، خنجراب میں برفباری

اسلام آباد و دیگر علاقوں میں طوفانی بارش، خنجراب میں برفباری

اسلام آباد (دنیا نیوز،اے پی پی) اسلام آباد میں گزشتہ روز آندھی کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جس سے کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ ایف ٹین میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری سپیل 17 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر رواں سال کی پہلی برفباری کے بعد خنجراب کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، خنجراب بارڈر کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا جبکہ برفباری کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا، ملکی اور غیر ملکی سیاح برفباری سے لطف اندوز ہو رہے اور برف سے ڈھکے خوبصورت مناظر کو کیمروں میں محفوظ کر رہے ہیں ۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونیوالی طوفانی بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ مختلف سیکٹرز میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جا ری رہی ۔آندھی کے باعث سپورٹس کمپلیکس میں کنسرٹ کا سٹیج گر گیا اور ایف ٹین میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ادھر ہری پور میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، پنیاں میں درخت گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے ، بٹ خیلہ کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔ پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے الرٹ جار ی کر دیاہے جس کے مطابق 17 ستمبر تک راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...