کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس،پیپلزپارٹی کا لیگی حکومت پر عدم اعتماد

کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس،پیپلزپارٹی کا لیگی حکومت پر عدم اعتماد

پی پی کا بڑھتی پٹرولیم قیمتوں پر شدید ردعمل،حسن مرتضیٰ کی ڈارسے تلخ کلامی اتحادی حکومت کو مستحکم رکھنے کاعزم ، کمیٹی کا آئندہ اجلاس جلد بلانے پر اتفاق

لاہور (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات، مہنگائی اور کسانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع  کے مطابق پیپلز پارٹی نے اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور حسن مرتضیٰ نے عوامی ایشوز پر ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیا۔دوران اجلاس جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان تلخی بھی ہوئی، بلدیاتی الیکشن نہ کروانے اور پٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر پیپلز پارٹی قیادت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کسانوں کو درپیش مسائل پر بھی پیپلز پارٹی نے نائب وزیراعظم سے شدید احتجاج کیا۔ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں دونوں جماعتوں نے اتحادی حکومت کو مستحکم رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دونوں جماعتوں نے واضح کیا کہ ملک کے استحکام کیلئے یہ اتحاد عارضی نہیں بلکہ دیرپا ہے اور اس کا مقصد جمہوریت کو مضبوط بنانا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنا ہے ۔ترجمان گورنر پنجاب کے مطابق پیپلزپارٹی کی طرف سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ، قمرالزمان کائرہ اور علی قاسم گیلانی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنائاللہ خان، سینیٹر اورسینئر ایڈوائزر چیف منسٹر پنجاب انوشہ رحمن، خواجہ سعد رفیق اور سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اجلاس میں شریک ہوئیں۔اس موقع پر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار ساہو بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران کوآرڈینیشن کمیٹی کے ارکان نے گزشتہ میٹنگ میں طے پانے والے متفقہ فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں جماعتوں نے باہمی مشاورت سے کوآرڈینیشن کمیٹی کا آئندہ اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...