پاکستانی ، بھارتی بحری جہازوں کی ٹکر ،ناظم الاموروں کی طلبی

پاکستانی ، بھارتی بحری جہازوں کی ٹکر ،ناظم الاموروں کی طلبی

آئی این ایس کولکتہ نے پاک بحریہ کی مشقوں کے علاقے میں داخلے کی کئی کوششیں کیں مستقبل میں اشتعال انگیزی پر ضبط کو یقینی نہ سمجھا جائے :پاکستان کا شدیداحتجاج

اسلام آباد (دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی جانب سے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس کولکتہ کی پاکستانی خصوصی اقتصادی زون کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا ،بدھ کو وزارتِ خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو اسلام آباد میں طلب کر کے 15 ستمبر کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں بھارتی بحریہ کے ایک جہاز کی انتہائی اشتعال انگیز اور ناقابل قبول کارروائی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ،ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ نے پاکستان کی سمندری حدود میں اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ حرکات کیں، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متعدد بار انتباہ کے باوجود بھارتی بحری جہاز نے غیر ذمہ دارانہ حرکات جاری رکھیں اور 15 ستمبر کو آئی این ایس کولکتہ نے خطرناک انداز میں رخ تبدیل کیا اور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین سے ٹکرا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ پی این ایس حنین کی جانب سے بچاؤ کی کوشش کے باوجود بھارتی جہاز کے ساتھ رگڑ کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے بعد آئی این ایس کولکتہ نے رفتار بڑھائی اور علاقے سے بھاگ نکلا ، بھارتی بحری جہاز کی سرگرمیاں دوطرفہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاک بحریہ یکم ستمبر سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں سی اسپارک 26 مشقیں کر رہی ہے ، ستمبر سے بھارتی بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر پاک بحریہ کی مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے ۔دفتر خارجہ کے مطابق آئی این ایس کولکتہ نے پاک بحریہ کے جہازوں کے قریب خطرناک اور اشتعال انگیز حرکات کیں، بھارتی اقدامات معمول کی تعیناتی نہیں بلکہ 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز کا اقدام انتہائی اشتعال انگیز تھا اور سنگین بحران پیدا کر سکتا تھا تاہم پاک بحریہ کے پیشہ و رانہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی بحریہ کی خلاف ورزیوں کو پاکستان انتہائی تشویش سے دیکھتا ہے ، بھارت حقائق کو مسخ کرکے معاملے کو سفارتی سطح پر بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ترجمان کے کہا کہ بھارتی اقدامات علاقائی امن کو متاثر کرنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں، بھارت دوطرفہ معاہدوں اور ذمہ دارانہ طرز عمل کی پابندی کرے ۔دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ مستقبل میں بھارتی اشتعال انگیزی کے سامنے موجودہ سطح کا ضبط یقینی نہ سمجھا جائے ۔دوسری جانب بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی اور بھارتی بحری یونٹس کے درمیان تصادم کے بعد نئی دہلی میں پاکستان کے ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...