ایم ڈی کیٹ20ستمبر کو ہو گا، ملک بھر میں 34امتحانی مراکز قائم
ایک لاکھ 38ہزار 160طلبہ رجسٹرڈ، ہر صوبہ کو الگ الگ پیپرز فراہم کیے گئے رواں سال میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے 22 ہزار نشستیں دستیاب ہیں،وزیر صحت
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمشن ٹیسٹ (MDCAT) 20ستمبر کو ملک بھر میں منعقد ہو گا جس کے لیے ایک لاکھ 38ہزار 160طلبہ کی رجسٹریشن ہوئی ہے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا رواں سال ملک بھر میں 34امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ریاض سعودی عرب میں بھی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے ، رواں سال 8ہزار سوالات پر مشتمل سوالاتی بینک تیار کیا گیا ہے ۔ 8ہزار سوالات میں سے ہر صوبے کو 180، 180سوالات پر مشتمل دو الگ الگ پیپرز فراہم کیے گئے ہیں جن میں سے متعلقہ صوبے اور میڈیکل یونیورسٹیاں امتحانی پرچہ تیار کریں گی۔ پرچہ لیک ہونے کے خدشے کو دور کرنے کے لیے اس مرتبہ ہر صوبے کو الگ الگ پیپرز فراہم کیے گئے ہیں، آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، انٹرنیٹ کے مسائل کے پیش نظر وہاں طلبہ کو ہارڈ کاپی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا اگر امتحانی پرچہ لیک ہوتا ہے یا شفافیت کے تقاضے پورے نہیں کیے جاتے تو متعلقہ یونیورسٹی کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا ،اس سال میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے مجموعی طور پر 22 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے سال میں دو مرتبہ ایم ڈی کیٹ منعقد کرنے کی تجویز کے حوالے سے کہا کہ یہ تجویز قابلِ عمل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن غیر ملکی طلبہ یا افراد کے پاکستان میں قیام سے متعلق دستاویزات مکمل نہیں انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے ، اس پالیسی میں صرف افغان طلبہ شامل نہیں بلکہ دیگر ممالک کے طلبہ اور پاکستان میں کام کرنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments