سندھ کابینہ : گندم کاشتکاروں کی سبسڈی میں 1 ہزار روپے من اضافہ

سندھ کابینہ : گندم کاشتکاروں کی سبسڈی میں 1 ہزار روپے من اضافہ

مرادشاہ کی زیر صدارت اجلاس ،میڈیکل ٹاور پر 17 ملین ڈالر لاگت آئے گی،سندھ کریمنل پراسیکیوشن سروس بل کا مسودہ منظور فوجداری استغاثہ سروس میں اصلاحات، سپورٹس پالیسی، اعلیٰ تعلیم ،صحت عامہ، بلدیاتی حکومت ،ٹیکسز ودیگر اقدامات کی بھی منظوری

کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت میں گندم کے کاشتکاروں کی معاونت مضبوط بنانے کے لیے جامع پیکیج کی منظوری دیدی گئی ، اراضی کی ملکیت کے حقوق کی الیکٹرانک منتقلی کے لیے ڈیجیٹل اور بلاک چین پر مبنی نظام کے آغاز اور کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ)میں 13 منزلہ، 445 بستروں پر مشتمل بلقیس اینڈ عبد الستار ایدھی میڈیکل ٹاور کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے فوجداری استغاثہ سروس میں اصلاحات، سندھ اسپورٹس پالیسی، اعلیٰ تعلیم سے متعلق ترامیم اور صحت عامہ، ٹیکسز، بلدیاتی حکومت، محنت، اراضی انتظامیہ اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق کئی دیگر اقدامات کی بھی منظوری دی، اجلاس میں 23 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور کاشتکاروں کی معاونت مضبوط بنانے، صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے، عوامی خدمات کو جدید بنانے اور ادارہ جاتی نظم و نسق بہتر بنانے کے لیے فیصلے کیے گئے، کابینہ نے محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے کاشتکاروں کے لیے اضافی سبسڈی ایک ہزار روپے سے بڑھا کر دو ہزار روپے فی من کردی۔

کابینہ نے صحت عامہ کے ایک بڑے منصوبے کی بھی منظوری دی جس کے تحت کابینہ نے کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں عبد الستار ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 13 منزلہ، 445 بستروں پر مشتمل بلقیس اینڈ عبد الستار ایدھی میڈیکل ٹاور کی تعمیر کی منظوری دی ۔ کابینہ نے ضلع ہیڈکوارٹرز کمپلیکس جامشورو کے قریب دیہہ سونوالہار، تعلقہ کوٹری میں 20 ہزار مربع فٹ اراضی انٹیلی جنس بیورو کے حق میں 99 سالہ لیز پر دینے کی منظوری دی۔

کابینہ نے وفاقی فنڈز سے چلنے والی وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم 2026 پر صوبے بھر میں عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔نئی اسکیم کے تحت اہل دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے صارفین کو فی لٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا، جو ہفتہ وار زیادہ سے زیادہ پانچ لٹر اور ماہانہ 20 لٹر تک ہوگا۔ جبکہ 800 سی سی تک کی نجی گاڑیاں ہر 10 دن میں زیادہ سے زیادہ 10 لٹر ، ماہانہ حد 30 لٹر کے ساتھ اسی ریلیف کی اہل ہوں گی۔ رجسٹریشن ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر کی جارہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...