پختونخوا میں جھڑپیں 10 خوارج ہلاک، 6 سکیورٹی اہلکار شہید
سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 6 ،ہنگو میں 4خوارج ہلاک ہوئے ،اہلکاروں پر دستی بم حملہ کیا گیا ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ،بلوچستان میں آواران کے علاقے بدرنگ میں کارروائی 3 دہشتگرد مارے گئے
اسلام آباد ،کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی،آن لائن)پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مختلف جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دیسی ساختہ بم حملہ میں 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے ،دوسری طرف بلوچستان کے ضلع آواران میں بھی سکیورٹی فورسز کی مو ثر کارروائی کے دوران 3دہشتگرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 15 سے 17 ستمبر 2026 کے دوران شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی اورخوارج کے ٹھکانے کو مو ثر انداز میں نشانہ بنایا ، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج ہلاک کر دیئے گئے ۔ایک اور جھڑپ ہنگو میں ہوئی جہاں سکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا،کارروائیوں کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوگئے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں ،شہید ہونے والے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کیلئے سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔ادھر سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کا آغاز کیا اور اس دوران موثر کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار ہتھیاروں، دھماکا خیز مواد اور گولہ بارود سمیت بھاری مقدار میں تخریبی مواد برآمد کر لیا گیا جو علاقے میں تخریب کاری کی بڑی کارروائی کے لیے استعمال ہونا تھا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مسلسل، مو ثر اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے نتیجے میں اس دہشت گرد نیٹ ورک کی کمر توڑ دی گئی ، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments