یہاں ایک بچہ چلا گیا اور آپ لوگ کھیل رہے ،کمیشن برہم
میر رضاکیس میں جسٹس عمر سیال کے سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری سے سخت سوالات ڈی جی ہیلتھ،ڈاکٹر اسامہ، اکاؤنٹنٹ، سپروائزر،انویسٹراور علی شاز کو بھی نوٹسز جاری
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عمر سیال پر مشتمل میر رضا علی کی ہلاکت کی انکوائری کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ نے زیرو کام کیا ہے ، یہاں ایک بچہ چلا گیا اور آپ لوگ کھیل رہے ہیں، کمیشن کا اجلاس جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ہوا جس میں میر رضا کے اہل خانہ، وکیل جبران ناصر، بزنس پارٹنر احمد اور دیگر پیش ہوئے، سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری کے بیان پر کمیشن نے روزنامچہ اندراج نہ ہونے ، جائے وقوعہ کی حفاظت، سی سی ٹی وی، گواہوں کے بیانات اور دیگر تفتیشی امور پر سوالات کیے ، کمیشن نے پوچھا کہ اہم شواہد، موبائل فون، گھڑی، ہولسٹر، خول اور دیگر اشیا کی تفتیش میں کیا پیش رفت ہوئی اور شواہد کی مکمل چین کیوں قائم نہ کی گئی، کمیشن نے گواہوں کے بیانات اور تفتیش میں تاخیر سے متعلق بھی سوالات کیے ، شبیر لغاری نے بتایا کہ اس نے 33 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جبکہ دیگر امور بھی تفتیش کا حصہ بنائے گئے ، کمیشن نے تفتیشی افسر کے بعض بیانات میں تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے سخت سوالات کیے اور کہا کہ تفتیش میں اہم پہلوؤں کو نظرانداز کیا گیا، کمیشن نے 21 ستمبر کے لیے ڈی جی ہیلتھ سندھ، ڈاکٹر اسامہ، اکاونٹنٹ عمیر، سپروائزر کاظم، انویسٹر احمد حسن شیخ اور علی شاز کو بھی نوٹس جاری کیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments