معاشی ترقی جاری،بانڈ نتائج مطلوبہ حجم سے دو گنا :محمد اورنگزیب
پاکستان امداد پر مبنی تعلقات سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب بڑھ رہا ہے
اسلام آباد(نامہ نگار، کامرس رپورٹر) وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کا سفر جاری ہے اور پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے ماڈل کی جانب بڑھ رہا ہے، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آ ئی ہے ،لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالرز کے بانڈ کا اجرا سنگ میل ہے ، چار سال بعد عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے ، بانڈ کے نتائج مطلوبہ حجم سے دو گنا رہے ،پاکستان امداد پر مبنی تعلقات سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب بڑھ رہا ہے۔
وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت کے بغیر موثر معاشی پالیسی بنانا ممکن نہیں، معاشی استحکام کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشاورت ناگزیر ہے ۔ وفاقی وزیر مشیر محمد علی نے کہا کہ ہمیں معاشی ترقی کے طریقہ کار کو تبدیل کرنا ہوگا، ہمارا بڑا چیلنج افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کو پیداواری صلاحیت میں تبدیل کرنا اور ٹیکنالوجی تخلیق کرنے والا ملک بننا ہوگا ۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ جب تک ہماری نسلوں کو دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ تعلیم نہیں ملے گی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ سابق نگران وزیراعظم سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت کے لیے مقررہ ترقیاتی اہداف حاصل کرنا ناگزیر ہے ۔مستحکم اور پائیدار معاشی ترقی سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments