دانش یونیورسٹی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم دیگی : وزیراعظم

دانش یونیورسٹی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم دیگی : وزیراعظم

داخلوں کیلئے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی، دانش یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔

اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا کہ دانش یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی اسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں،دانش یونیورسٹی کے لیے بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے ،ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کو دانش یونیورسٹی کے ورچوئل سکول کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔بریفنگ میں بتایا کہ ورچوئل سکول میں کامیاب طلباء کیلئے پانچ ماہ کے دورانیے کی سو فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا،دانش یونیورسٹی ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 40 سے زیادہ شہروں میں 24 اکتوبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔

دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گی۔دانش یونیورسٹی میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 کو ہوگا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں ابتدائی مرحلے میں بائیو انجینئرنگ؛ الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس؛ اورٹیکنالوجی و سماجیات پر مبنی جدید تعلیمی پروگرام شروع کئے جائیں گے ۔طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم شروع کرنے کی ضروری تیاری و معاونت کے لئے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، دانش یونیورسٹی کا برج پروگرام 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...