بھارت نے چناب کا 17 ہزار کیوسک پانی روک لیا
سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی پردریاسے نکلنے والی نہروں میں پانی کی کمی نہر مرالہ راوی لنک کو کم پانی ملنے سے راوی میں بھی پانی کم،کسان پریشان
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی،دریائے چناب کا 17 ہزار کیوسک پانی روک لیا،بھارت معاہد ہ کے تحت دریا میں 15 جون سے 15 اکتوبر تک کم از کم 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے تاہم دریائے چنا ب میں پانی کی آمد21 ہزار694کیوسک ہے ، جس کی بنا پر نہر اپر چناب کو 20 ہزار کیوسک کی بجائے 12 ہزار 200کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک کو 20 ہزار کیوسک کی بجائے 2494 کیوسک پانی فراہم کیا جارہاہے ،بھارت کی طرف سے پانی روکنے پر ہیڈ مرالہ،ہیڈ خانکی، ہیڈ قادر آباد اور ہیڈ تریموں سے نکلنے والی نہروں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے اور مذکورہ نہروں کے اطراف میں ٹیوب ویل کے ذریعے مہنگا پانی حاصل کرکے فصلوں کو سیراب کیا جارہاہے ،نہر مرالہ راوی لنک کو پانی کی کمی سے دریائے راوی میں بھی پانی کی مزید کمی ہوگئی ہے اور راوی سے نکلنے والی نہروں کے اطراف میں خشک سالی پر کسان شدید پریشان ہیں،کسان تنظیموں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد کیلئے عالمی عدالت اور ورلڈ بینک میں سندھ طاس معاہدہ پر عملدر آمد کیلئے رابطہ کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments