جعفر ایکسپریس کی بوگی ڈی ریل، شالیمار کی بریک فیل
رائے ونڈ کے قریب شالیمار ایکسپریس کو لوپ لائن کی طرف موڑ کر روکا گیا جعفر ایکسپریس کو گوجرخان میں حادثہ،امدادی کارروائی کے بعد ٹریک بحال
کراچی(آئی این پی ،آن لائن،این این آئی ) مزید 2 مسافر ٹرینیں حادثات کا شکار ہوگئیں ، رائے ونڈ کے قریب شالیمار ایکسپریس کی بریک فیل ہوگئی جبکہ گوجر خان میں جعفر ایکسپریس کی بوگی پٹڑی سے اتر گئی۔ کراچی سے لاہور آنیوالی شالیمار ایکسپریس جب رائے ونڈ کے قریب پہنچی تو انجن ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی، تاہم بریک فیل ہونے کی وجہ سے گاڑی کی رفتار کم نہ ہوسکی، جس کی فوری اطلاع رائے ونڈ کنٹرول کو دی گئی، جنہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کو لوپ لائن کی طرف موڑ کر روک لیا۔ چار گھنٹے کی تاخیرکے بعد ٹرین کو لاہور کی جانب روانہ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی ایک بوگی گوجرخان کے قریب پٹڑی سے اتر گئی،جس سے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدوروفت معطل ہوگئی ،امدادی کارروائی کے بعد ٹریک بحال کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments