وزیراعظم کے پابند نہیں، لیوی ختم نہ ہوئی تو زیادہ قوت سے مارچ کرینگے : حافظ نعیم
لیوی کیخلاف غیر سنجیدہ حکومتی رویے پر ملتان سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی پی ٹی آئی کاوفد کل حافظ نعیم سے ملے گا، وزیراعظم فوری لیوی کے خاتمہ کا اعلان کریں،ٹال مٹول قبول نہیں :امیر جماعت
لاہور،اسلام آباد (سیاسی نمائندہ،اپنے رپورٹرسے )لیوی ٹیکس کیخلاف تحریک معاملے پر حکومت کے غیر سنجیدہ رویے پرجماعت اسلامی نے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم جماعت اسلامی سے بات چیت کریں یانہ کریں اس سے غرض نہیں، اپنے وعدے کے مطابق عوام کو ریلیف دیں۔ فی لٹر پٹرول پر 135روپے کی لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کیے جائیں۔وزیراعظم شہباز شریف کے پابند نہیں، مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پہلے سے زیادہ قوت سے لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملتان سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے پر مشاورت جاری ہے ، لانگ مارچ کی تاریخ کے اعلان پرشوریٰ ارکان سے مشاورت جا ری ہے۔
امیر جماعت اسلامی سندھ کے عہدیداران سے مشاورت کے بعد لاہور پہنچ کر قیادت اور شوریٰ ارکان سمیت دیگر رہنماؤں سے مشاورت کرینگے اورلانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کی تاریخ سمیت تحریک کے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ نائب امیر اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ بھی مشاورت میں شریک ہونگے ۔ حکومتی کمیٹی اور وزیراعظم میں رابطوں اور مذاکرات میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا ، حکومت سے مذاکرات بارے آئندہ حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوگی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کا وفد کل حافظ نعیم الرحمن سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا ،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاجائیگا۔ حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران خیبر پختونخوامیں گورنر راج، ایمرجنسی لگانے کی اطلاعات کی پرزور مذمت کی۔
صومالیہ میں بحری قذاقوں کی فائرنگ سے شہید 3 پاکستانیوں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا حکومتی نااہلی سے یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا۔حکومت شہدا کی لاشیں واپس لانے کیلئے اقدامات اور متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کرے ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم فوری لیوی کے خاتمہ کا اعلان کریں، ایسا نہ ہوا تو ملتان سے ہی زیادہ پُرزور لانگ مارچ شروع ہوجائے گا ،سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب کے قافلے شریک ہونگے ، جو لاہور سے بڑے کارواں کی شکل اختیار کریگا، خیبرپختونخوا سے بھی قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ۔ دیکھتے ہیں وزیراعظم کیا ریلیف دیتے ہیں، ٹال مٹول قبول نہیں کرینگے ۔
آئی ایم ایف پروگرام میں کہیں ذکر نہیں کہ لیوی ختم نہ کی جائے ، کیا وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی ایم ایف کی اجازت سے 11ارب کا جہاز خریدا؟۔ شنگھائی کانفرنس کیلئے 6 ارب کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہیں، کانفرنس کے بعد یہ گاڑیاں کس کے استعمال میں ہونگی؟۔انہوں نے کہا جب 40فیصد بجلی پانی، کوئلہ اور دیگر سستے ذرائع سے حاصل ہورہی ہے تو آئی پی پیز کو تیل ، گیس کی سپلائی کیوں ہورہی ہے ۔ ملک میں آئی پی پی ، ریفائنری ، گندم ، آٹا اورشوگر ملز مافیاز کا راج ہے جو ہر نام نہاد بڑی سیاسی پارٹی اور حکومت میں شامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ سیاسی پارٹیاں ان کیخلاف بات نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا بلوچستان، کے پی میں شدید بدامنی ہے ، آزاد کشمیر سے اچھی خبریں نہیں آرہیں، حکومت کاکے پی میں غیر آئینی اقدام عوام کو مزید بدظن کردے گا، پی ٹی آئی سے مذاکرات کا راستہ اپنائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments