حمزہ شہباز کا دورہ ملتان وبہاولپور،پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں
خالد ججہ کی والدہ،ملک اقبال چنڑ،مرید عباس گنگاہ کی وفات پر تعزیت ،فاتحہ خوانی
ملتان ،بہاولپور (کرائم رپورٹر،خبر نگار )سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ملتان اور بہاولپور کا دورہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے وفات پانے والے لیگی رہنماؤں کے اہلخانہ سے تعزیت کی ۔تفصیل کے مطابق لیگی رہنما میاں حمزہ شہباز دورے پر ملتان پہنچے ،انہوں نے سابق صوبائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی کی رہائش گاہ پر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے انکی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حاجی احسان الدین قریشی کی وفات سے ایک باب بند ہوگیا، وہ زیرک سیاستدان، شفیق اور عوام دوست شخصیت تھے۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ حاجی احسان الدین قریشی نے مسلم لیگ (ن)اور عوام کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل دعا بھی کی۔ بعدازاں انہوں نے نواب پور روڈ پر مسلم لیگ (ن)کی سابق رکن پنجاب اسمبلی سلطانہ شاہین کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی مرید عباس لنگاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔اس دوران حمزہ شہباز شریف کے ہمراہ وزیر مملکت عبدالرحمن خان کانجو،صوبائی وزیر میاں کاظم علی پیرزادہ، سعد خورشید خان کانجو، عبدالغفار ڈوگر، وحید ارائیں ودیگر عہدیدار وکارکن بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء میاں حمزہ شہباز شریف نے بہاولپور کا دورہ کیا ۔انہوں نے ججہ ہا ئوس میں چودھری خالد محمود ججہ ایم پی اے و ضلعی صدر مسلم لیگ (ن)بہاولپور کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔حمزہ شہباز نے ملک محمد اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادوں ملک ظہیر اقبال چنڑ ، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور ایم این اے ملک منیر اقبال چنڑ سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اورمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments