قصور میں چھاپوں پر تشویش ،شفاف تحقیقات ضروری : ملک احمد
لوڈشیڈنگ، غلط وزائد بجلی بلوں پرگھروں میں چھاپے ،خواتین کو ہراسا ں کرناتشویشناک
لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے قصور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، غلط وزائد بجلی بلوں، بجلی چوری مقدمات، گھروں پر چھاپوں، خواتین کو ہراساں کرنے ، بل درستگی کے عوض مبینہ رقم طلبی شکایات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے دو روز قبل قصور میں ہونیوالی کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دیدیا ۔گورنر ہاؤس میں تقریب پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا متعلقہ اداروں کو شکایات کا جواب دینا ہوگا ،تمام معاملات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ قصور کے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بندش عوام کیلئے مشکلات کا باعث بن رہی ہے، وزیر توانائی اویس لغاری سے قصور میں بجلی مسائل پر بات کی ہے ،معاملہ وزیراعظم کے سامنے بھی رکھیں گے۔
قصورمیں گھروں پر چھاپوں اورخواتین کو ہراساں کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیاجائے ۔ متعلقہ اداروں کو غلط اور زائد بجلی بل جاری کرنے کی شکایات پرجواب دینا چاہیے ۔بجلی چوری پر کسی ایک شخص کی غلطی پر سزا پورے علاقے یا گاؤں کو دینا مناسب نہیں ۔ رشوت خوری شکایات پرشہریوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں بھی تشویشناک ہیں۔ لائن لاسز پورے کرنے کیلئے عام صارفین کیلئے گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور سولر پینلز لگانیوالوں کیخلا ف کارروائیاں بھی مناسب نہیں، بجلی نظام میں نقصانات اور واجبات کی وصولی شفاف ہونی چاہیے۔سپیکر نے کہا لیسکو افسر ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر شکایات کا ازالہ کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments