فیلڈ مارشل سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی ملاقات،سندھ طاس معاہدے پر بات چیت

فیلڈ مارشل  سے  سیکرٹری  جنرل  اقوام  متحدہ  کی  ملاقات،سندھ  طاس  معاہدے  پر  بات  چیت

مسئلہ کشمیر ، افغانستان سے دہشتگردی کے چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ، گوتریس نے امن کوششوں کو سراہا چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم مینرسے بیلاروس کی سکیورٹی کونسل کے وفد کی ملاقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماں نے خطے کے مجموعی استحکام، مسئلہ جموں و کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور افغانستان کی سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل نے عالمی امن و امان کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج کی تاریخی اور گراں قدر خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر امن کے قیام، علاقائی استحکام اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے کردار اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں اور لازوال خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے مسلسل اور فعال کردار کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لئے پاکستان کی سفارتی و عملی کوششوں کی خصوصی تعریف کی۔انتونیو گوتریس نے ایکس پر اپنے بیان میں پاکستان کو موسمیاتی بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن اخراج میں انتہائی معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تباہی کی صفِ اول میں موجود ہے ۔2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کا دورہ ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔ انتونیو گوتریس نے فارن سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان امن کے قیام میں مدد کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا ہے کہ گہری اور پیچیدہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے اس دور میں اسلام آباد مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لئے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھرا ہے ۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ انہوں نے مزاحمت اور حوصلے کا وہ پاکستان بھی دیکھا ہے جس نے دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا کیا، پاکستان خود دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کے نظام کو پوری انسانیت کے مفادات کی عکاسی کرنا چاہئے ، اس کے فوائد وسیع پیمانے پر سب تک پہنچنے چاہئیں ۔دریں اثنا بیلاروس کی سکیورٹی کونسل کے ریاستی سیکرٹری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے موجودہ دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے جمہوریہ بیلاروس کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر نے دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...