کوئٹہ طیارہ حادثے میں شہید دونوں پائلٹس کی نماز جنازہ ادا
نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل کی بھی شرکت دونوں شہید افسر آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،اے پی پی)کوئٹہ کے نواح میں مشاق تربیتی طیارے کے افسوسناک حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہوئے ،پاک فوج کے دونوں افسر 12 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے د وران طیارے کے حادثے میں شہید ہوگئے تھے ،پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم شہید افسروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، شہدا کی قربانی، جرات اور مادر وطن سے غیر متزلزل وابستگی قوم کے لیے باعث فخر ہے ۔ دونوں شہید افسروں کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments