پارلیمان لیوی کااختیار حکومت سے لینے کیلئے قانون بنائے :حافظ نعیم
گورنر راج ، 12 اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے بحران مزید گہرا ہو سکتا :امیر جماعت اسلامی آئین، جمہوری اصولوں کیمطابق حل نکالا جائے :پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان و اراکین کو خط
لاہور(سیاسی نمائندہ ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں حکومتی، اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان و تمام اراکین کو خط لکھ کر پٹرولیم لیوی کے خاتمے ، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور خیبرپختونخوا میں آئینی و جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی دباؤ اور غیر یقینی سیاسی صورت حال سے دوچار ہے ایک طرف مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے تو دوسری جانب خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور 12 اضلاع میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ اور آئینی و جمہوری نظام کی معطلی کے حکومتی اعلانات نے غیر یقینی صورت حال پیدا کر دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، پارلیمان لیوی مقرر کرنے کا اختیار حکومت سے واپس لینے کے لیے قانون سازی کرے ۔خط میں خیبر پختونخوا کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وہاں پہلے ہی غیر یقینی صورت حال موجود ہے اور گورنر راج اور بارہ اضلاع میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ جیسے اقدامات سے سیاسی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے ،صوبے میں غیر معمولی اقدامات کے بجائے آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے مطابق مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمانی قیادت اس قومی مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی ریلیف اور جمہوری استحکام کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments