پنجاب اسمبلی : پختونخوا گورنر راج کی حمایت میں قرارداد جمع
ایمرجنسی کا فیصلہ سکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیاگیا غیر معمولی حالات میں عوامی تحفظ کیلئے بروقت فیصلے کیے جانے چاہئیں:متن
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کو قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مصلحتوں اور ممکنہ سیاسی نقصان پر ترجیح دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات، امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور قومی سلامتی کو درپیش سنگین چیلنجز کے پیش نظر وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج کے فیصلے کو ملک کے وسیع تر مفاد میں دیکھا جانا چاہیے۔
عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات ضروری ہیں۔ ایمرجنسی کا فیصلہ اعداد و شمار، سکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیا گیا، دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد ہے ۔ خیبر پختونخوا میں کیے جانے والے اقدامات دہشت گردی کے خاتمے ، ریاستی اداروں کی مؤثر عمل داری کے قیام اور عوام کو پائیدار امن، تحفظ اور معمول کی زندگی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments