ایم ڈی کیٹ : سوالیہ پرچے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنیکا حکم
سوالیہ پرچوں کو داخلوں کا عمل مکمل ہونے تک قابلِ رسائی رکھا جائے :ہائیکورٹ
لاہور (محمد اشفاق)لاہور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کے امتحان میں امیدواروں سے سوالیہ پرچے واپس لینے کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے یو ایچ ایس کو پنجاب میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے تمام سوالیہ پرچے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ سوالیہ پرچوں کو داخلوں کا عمل مکمل ہونے تک عوامی طور پر قابلِ رسائی رکھا جائے ، سوالیہ پرچے اپ لوڈ کرنے کا حکم فوری طور پر نافذ کیا جائے ،امیدواروں کو سوالیہ پرچوں پر اعتراضات اٹھانے کا موقع فراہم کیا جائے۔
جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے جاری تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ درخواست گزار نے پی ایم ڈی سی کے 10 ستمبر 2026 کے جاری مراسلے کو چیلنج کیا، خط میں جامعات کو ہدایت کی گئی تھی کہ ایم ڈی کیٹ کے 20 ستمبر 2026 کے امتحان مکمل ہونے پر سوالیہ پرچے واپس لے لیے جائیں۔درخواست گزار نے سوالیہ پرچے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی ویب سائٹ پر دستیاب نہ کرنے کا اقدام بھی چیلنج کیا، فیصلے میں قرار دیا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق سوالیہ پرچوں کے تمام کوڈز اور پیپر آئی ڈیز ویب سائیٹ پر جاری کیے جائیں، جوابی شیٹس کی دوبارہ نظر ثانی کا مناسب موقع دیا جائے۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ یو ایچ ایس کے وکیل کے مطابق سوالیہ پرچے لے جانے کی اجازت موجود تھی،سوالیہ پرچے نہ لے جانے کے حوالے سے باضابط مراسلہ جاری نہیں کیا ۔عدالت نے قرار دیا کہ عدالت کسی بھی سرکاری ادارے کے غیر قانونی اور خلاف آئین اقدام کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے سکتی ہے ،آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کا تقاضا ہے کہ سرکاری ادارے اختیارات قانونی طور پر استعمال کریں اور امتیازی کارروائی سے گریز کریں،یہ معاملہ امتحان میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کو متاثر کرتا ہے ،سوالیہ پرچے امیدواروں سے واپس لینے کی کوئی مناسب وجوہات بیان نہیں کی گئیں،یہ حکم صرف پنجاب میں منعقد ہ ایم ڈی کیٹ 2026ء کے سوالیہ پرچوں تک محدود ہو گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments