مریم نواز کا جون 2027تک 5734واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل کرنے کا ہدف

مریم  نواز  کا  جون 2027تک 5734واٹر  فلٹریشن  پلانٹس  مکمل  کرنے  کا  ہدف

صاف پانی عوام کا حق ،اب کسی کو میلوں دور سے پینے کا پانی لانے کی مشقت نہیں کرنا پڑیگی:اجلاس سے خطاب حنا قتل کیس میں انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑینگے ، لواحقین کا جوڈیشل کمیشن بنانیکا مطالبہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں انہوں نے جون 2027 تک 5734 واٹرفلٹریشن پلانٹ مکمل کرنے کا ہدف دے دیا جبکہ واٹرفلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر زکو سونپ دی،اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں گلی محلے میں موجود واٹر فلٹریشن پلانٹس کیلئے عوامی کمیٹیاں قائم ہوگی، ہر تحصیل میں واٹرفلٹریشن پلانٹس کی مرمت وبحالی کے لئے موبائل مینٹیننس یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ،واٹر فلٹریشن پلانٹ موبائل ورکشاپ میں پلمبر اور دیگر ٹیکنیکل سٹاف متعین ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کی منظوری بھی دی۔ لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کے تحت چکوال، راجن پور اور راولپنڈی کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پانی مہیا کیا جائے گا،چکوال میں 256 کلومیٹر اور راجن پور میں 1780 کلومیٹر تک واٹر سپلائی پراجیکٹ ترجیحاً بنے گا ۔مریم نواز کو پنجاب کے چار اضلاع میں جاری واٹر بوٹلنگ پلانٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،خوشاب، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں 10 ہزار 19 لٹر پانی کی بوتلوں کی روزانہ پروڈکشن ہے ۔سی ایم واٹر بوٹلنگ پراجیکٹ کے تحت مختصر عرصے میں 48 لاکھ افراد مستفیدہو رہے ہیں ، 75 ہزار سے زائد 19 لٹرکی بوتلیں گھروں میں پہنچائی گئیں ۔اجلاس میں مریم نواز نے کہاکہ صاف پانی عوام کا حق ہے اور ہر فرد کو صاف پانی ضرورملے گا، پنجاب میں پہلی مرتبہ گھروں تک صاف پانی پہنچانے کا شرف ملنے پر شکر بجالاتے ہیں،چکوال، راجن پور اور پنڈی کے بعد دیگر علاقوں میں بھی واٹر سپلائی سکیمیں لائیں گے ، اب کسی کو میلوں دور سے پینے کیلئے پانی لانے کی مشقت نہیں کرنا پڑے گی۔

ادھر وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حنا جاوید قتل کیس میں انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،کیس کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئیں،متاثرہ خاندان سے ذاتی طور پر ملاقات کروں گی۔اس سے قبل مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس انویسٹی گیشن کمیٹی کے نتائج کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ کاخط میں مزید کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے براہ راست رابطے کی بھرپور کوشش کی مگر انہیں کامیابی نہیں ہوئی ،تحقیقاتی کمیٹی کے طریقہ کار سے انصاف ملنے کی توقع نہیں ، تحقیقاتی کمیٹی کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے ، غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے ، قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے ، مقتولہ حنا جاوید اور ملزمان فیصل اور اس کے والد کے موبائل فونز کی فرانزک رپورٹس تاحال التوا کا شکار ہیں،مرکزی ملزم فیصل سے جڑے ٹھوس شواہد کو دانستہ طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کیس کی فائل کا خود تفصیلی جائزہ لیں اور ملزم فیصل اصغر سے متعلق شواہد کو پسِ پشت ڈالنے کا فوری نوٹس لیں۔ ادھر وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاون خصوصی شعیب مرزا کی سربراہی میں سی ایم انسپکشن ٹیم ڈی ایچ کیوہسپتال راجن پور پہنچ گئی جہاں انسپکشن ٹیم نے ہسپتال راجن پور کا تفصیلی معائنہ کیا اوروہاں صفائی کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا گیا ،ٹیم نے راجن پور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے زیر تعمیر پورشن کا بھی معائنہ کیا۔ٹیم نے ہسپتال میں بہترین صفائی، ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنانے پر سی ای او ہیلتھ راجن پور اور ایم ایس ڈی ایچ کیو راجن پور کو شاباش دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...