بلوچستان،پختونخوا:7دہشتگرد ہلاک،2جوان شہید

 بلوچستان،پختونخوا:7دہشتگرد ہلاک،2جوان شہید

قلعہ سیف اللہ میں فتنہ الخوارج کا کمانڈر عادل ، ڈی آئی خان میں 6خوارج مارے گئے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک غلام مرتضیٰ،سپاہی تاثیر احمد شہید :ترجمان پاک فوج

کوئٹہ،اسلام آباد ،راولپنڈی ،لاہور(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش جبکہ پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 خوارج کو ہلاک کردیا ،اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2جوان شہید ہوگئے ۔دوسری طرف سکیورٹی فورسز کی دونوں صوبوں میں کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں پانچ ہفتوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے علاقہ قلعہ سیف اللہ میں فتنہ الخوارج کی کارروائی کے دوران 25 لاکھ روپے سر کی قیمت والا دہشتگرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش مارا گیا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ غیرمقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان میں مستقل رہائش فراہم کرنے میں مدد کرتا تھا،2022 اور 2023 سے سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کیلئے بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے ۔ ادھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی نئی رپورٹ کے مطابق پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے باعث پانچ ہفتوں میں دہشت گرد حملے تقریباً 66 فیصد کم ہوئے ، 18 سے 24 ستمبرکے 61 حملے 16 سے 22 اکتوبر تک 21 رہ گئے ، سکیورٹی فورسز نے 10آپریشنزکے دوران 33 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ۔ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر 2026کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 خوارج کو ہلاک کردیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک غلام مرتضی ٰاور سپاہی تاثیر احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے ، شہید نائیک غلام مرتضیٰ کی عمر 36سال اور تعلق ضلع گجرات سے تھا جبکہ 30سالہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے ۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی ہدایات کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔ادھر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 6خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ اپنے الگ الگ بیان میں انہوں نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو سلام پیش کیا اور کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوان پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔،ملک کے دفاع، امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی فورسز کی کوششیں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...