چیف جسٹس عالیہ نیلم کا دورہ، ای لائبریری،سولر سسٹم کا افتتاح
ڈسٹرکٹ بار میں سہولت روم کا قیام وکلاء سائلین کیلئے مثبت اقدام قرار
رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان میں جدید ای لائبریری، سولر سسٹم اورسہولت روم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر عدلیہ اور وکلاء برادری کی ممتاز شخصیات نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اظہار الحق، ممبران پنجاب بار کونسل چوہدری اختر محمود چہور ، سردار عبدالباسط بلوچ ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مبشر نذیر لاڑ ، سینئر نائب صدر محترمہ شمسہ کنول ، نائب صدر جام منور ٹانوری ، نوشین ہاشمی سمیت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز اور وکلاء برادری کی دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار میں جدید ای لائبریری کے قیام کو وکلاء، بالخصوص نوجوان قانون دانوں کے لیے قانونی تحقیق، عدالتی نظائر اور جدید قانونی معلومات تک آسان رسائی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا، جبکہ سولر سسٹم کی تنصیب کو توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور سہولت روم کے قیام کو وکلاء اور سائلین کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کا مثبت اقدام قرار دیا گیا۔ تقریب کے موقع پر اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ انصاف کی بروقت فراہمی اور جدید عدالتی سہولیات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے ان سہولیات کا افتتاح عدالتی اصلاحات، ادارہ جاتی ترقی اور نظام انصاف کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments