سردیوں میں گھریلو صارفین کو صرف8گھنٹے گیس ملے گی،پلان تیار:ایل پی جی 650روپے کلو تک پہنچ گئی

سردیوں میں گھریلو صارفین کو صرف8گھنٹے گیس ملے گی،پلان تیار:ایل پی جی 650روپے کلو تک پہنچ گئی

ناشتے کے وقت، دوپہر اور رات کا کھانا بنانے کیلئے گیس فراہم کی جائے گی ،صارفین کو ہیٹر اور گیزر چلاتے وقت محتاط رہنا ہوگا ، وزیراعظم کو پریذنٹیشن دی جائیگی راولپنڈی ،اسلام آباد، لاہور،پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی قلت،جنگ کے باعث سپلائی معطل ہوئی ،بھرپور کارروائی کرینگے :وزیرپٹرولیم کا قومی اسمبلی میں جواب

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) گرمیوں میں بجلی کے بعد اب سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوگی اور صارفین کو مسلسل گیس دستیاب نہیں ہوگی جبکہ ملک بھر میں 24گھنٹوں کے دوران کنکشن والے صارفین کو مختلف اوقات میں صرف 8گھنٹے گیس دستیاب ہوگی ۔ صبح ناشتے کے وقت، دوپہر اور رات کا کھانا بنانے کیلئے گیس فراہم کی جائے گی اور دونوں گیس کمپنیاں اپنے شیڈول کے مطابق فراہم کریں گی۔ صارفین گیس ہیٹر اور گیزر ہر وقت استعمال نہیں کر سکیں گے ، وزارت پٹرولیم نے گیس کی ضروریات ، فراہمی اور ایل این جی کی دستیابی سے متعلق اپنا کام مکمل کرلیا ہے جس کی پریذنٹیشن جلد وزیراعظم کو دی جائے گی ، وزارت پٹرولیم کے حکام نے وفاقی وزیر علی پرویز ملک کو تمام تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے کام مکمل کرلیا ہے ۔پنجاب اور پختونخوا کو گیس فراہم کرنے والی ایس این جی پی ایل گھریلو صارفین کو 487 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کررہی ہے اور سندھ و بلوچستان کے صارفین کو ایس ایس جی سی ایل 286 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کررہی ہے ۔

آنے والی سردیوں میں صارفین کو ایک اور مسئلے ایل پی جی کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ ایران سے سپلائی کم ہوچکی ہے اور پاکستان مشرق وسطیٰ سے بذریعہ سمندر زیادہ ایل پی جی خریدے گا جس سے قیمتوں میں اچھا خاصا اضافہ ہوگا۔ روزنامہ دنیا کو ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ وہ ایل پی جی 400 سے 450 روپے فی کلو پڑے گی۔ اوگرا ہر ماہ ایل پی جی قیمت کا تعین کرتی ہے لیکن مختلف علاقوں میں اس نرخ پر دستیاب نہیں ہوتی۔ موسم سرما میں گیس کی طلب بڑھتے ہی ایل این جی کی ضرورت بھی پڑتی ہے اس کا انتظام حکومت کررہی ہے لیکن اس سے بھی پائپ گیس کی قیمتوں پر اثر پڑے گا۔ علاوہ ازیںایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ جاری ،لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی ،پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی 600 سے 650روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ، گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 6ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ،صارفین پریشانی کا شکار ہو کر رہ گئے ۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو مقررہ قیمت 280 روپے ہے لیکن اس کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، راولپنڈی و اسلام آباد میں 600 روپے ،لاہور کے مختلف علاقوں میں 550سے 650روپے ، پشاور میں 650 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔

پختونخوا میں گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 6 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی تاہم کو ئٹہ میں ایل پی جی 30 روپے کمی کے بعد 520 روپے ، کراچی میں 50 روپے کمی کے بعد 500 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے جبکہ لاہور میں دوسرے روز بھی ایل پی جی کے دکانداروں کی ہڑتال کے باعث دکانیں بند رہیں ۔دکانداروں کا موقف ہے کہ حکومت پلانٹس سے سرکاری قیمت کے مطابق دستیابی یقینی بنائے ہم اپنا مناسب منافع رکھ کر فرو خت کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ دوسری طرف قومی اسمبلی میں ایل پی جی کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کا معاملہ اٹھاتے ہوئے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے عالیہ کامران نے دعویٰ کیا ہے کہ پختونخوا میں گیس 700 سے 800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ نعیمہ کشور نے کہا کہ ایل پی جی کہیں بھی 280 روپے فی کلو میں دستیاب نہیں۔ توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ جنگ کے باعث قطر سے آنے والی 900 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی سپلائی معطل ہوئی ، جس سے رسد پر شدید دباؤ آیا اورصورتحال متاثر ہوئی،اوگرا اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر معاملے پر بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین میاں اجمل کی ضمانت ہوگئی ہے ، انہیں 2 روز قبل پیرا فورس نے پکڑ کر مقدمہ درج کروایا تھا ۔واضح رہے ایک روز قبل کراچی میں پورٹ قاسم پر ایل پی جی بردار جہاز یلو اسٹون بحرین سے 4 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پہنچ گیا تھا جس کے بعد قیمتوں میں کمی کے توقع کی جا رہی ہے ، ایران سے 100 سے زائد باؤزرز کے ذریعے 2 ہزار ٹن سے زائد ایل پی جی کراچی پہنچنے کا امکان ہے ۔ادھر مرغی کا گوشت بھی مہنگا ہوگیا ہے ، کراچی میں مرغی کا گوشت فی کلو 740 ، لاہور میں 640 اور کوئٹہ میں 650 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...