پنجاب اسمبلی ،حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام ،اجلاس ملتوی معین ریاض اور رانا ارشد میں تلخ جملوں کا تبادلہ، اجلاس آج دوپہر دو بجے ہو گا

 پنجاب اسمبلی ،حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام ،اجلاس ملتوی معین ریاض اور رانا ارشد میں تلخ جملوں کا تبادلہ، اجلاس آج دوپہر دو بجے ہو گا

لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا حکومت کی جانب سے طلب کردہ اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث آج دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس ایک گھنٹہ 55 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا اور صرف 55 منٹ تک جاری رہ سکا۔۔

 اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا،  جبکہ اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی اور مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ حکومت اپنے ہی طلب کردہ اجلاس میں کورم پورا کرنے میں ناکام رہی۔اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن ارکان نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔ اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران مہنگائی میں 150 فیصد اضافہ ہوا، حکومت کی پالیسیوں کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ معین ریاض قریشی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوامی اشتراک کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ممتاز چانگ نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور سرکاری و نجی زمینیں واگزار کرانے کا مطالبہ کیا۔ سپیکر نے پینل آف چیئرپرسن کے ناموں کا اعلان کیا جن میں سمیع اللہ خان، ملک احمد سعید خان، راجہ شوکت، افتخار چھچھر، ارشد ملک اور راحیلہ خادم حسین شامل ہیں۔اجلاس کے دوران معین ریاض قریشی اور رانا محمد ارشد کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے پر ایوان میں شور شرابا ہوا۔ رانا محمد ارشد کی گفتگو کے دوران اپوزیشن رکن شعیب امیر نے کورم کی نشاندہی کردی۔ کورم پورا کرنے کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں، تاہم حکومت مطلوبہ تعداد پوری نہ کر سکی، جس کے بعد اجلاس آج دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...