سرکاری فیسوں، ٹریفک چالان میں بے ضابطگیاں،آڈٹ کی ہدایت
رقم وصولی، بینک جمع ہونے ، حتمی رپورٹ تک تمام مراحل کا آڈٹ کیا جائیگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان)آڈیٹر جنرل پاکستان نے سرکاری فیسوں و رقم کی وصولی اور ٹریفک چالان کی رقم جمع کرانے میں بے ضابطگیوں کی شکایات کے بعد سب رجسٹرارز اور دیگر تمام متعلقہ ریونیو دفاتر کے جامع آڈٹ کے احکامات دیئے ہیں۔ آڈیٹر جنرل نے ای سٹیمپ، کمپیوٹرائزڈ رسیدوں اور چالان کے ذریعے جمع تمام رقم اور اس کے اخراجات کے آڈٹ کی ہدایت دی ہے ۔ ہدایات کے مطابق آڈٹ ٹیمیں تمام سرکاری رقم کی وصولی کے ابتدائی مراحل سے بینک میں رقم جمع ہونے اور حتمی رپورٹ تک مکمل آڈٹ کریں گی۔ آڈٹ میں ایف بی آر پورٹل سے رسیدوں کی آن لائن تصدیق کی جائے گی، آڈٹ ٹیمیں براہ راست بینک سٹیٹمنٹس سے رقوم کا موازنہ کر کے بیلنس کی تصدیق کریں گی۔ سرکاری محکموں کی رسیدوں، ٹریژری اکاؤنٹس اور بینک کا آپس میں موازنہ کیا جائے گا۔ رقم کے غبن، تاخیر سے جمع کرانے یا دیگر بے ضابطگیاں پکڑنے کیلئے لین دین کے پورے عمل کا جائزہ لے کر آڈٹ رپورٹس شواہد کے ساتھ تیار کی جائیں گی۔ ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر جنرلز آڈٹ کی نگرانی کریں گے ۔ آڈیٹر جنرل نے پنجاب کے پروونشل ریسپٹس آڈٹ کو ہدایت کی ہے کہ 2026-27 کے دوران ٹریفک چالان کے ذریعے اکٹھی ہونے والی وصولیوں اور اخراجات کا الگ تفصیلی آڈٹ کیا جائے اور بے ضابطگی ثابت ہونے پر رپورٹ تیار کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments