افغان طالبان کے شہری ہلاکتوں کے الزامات بے بنیاد:پاکستان
افغانستان میں دہشتگردوں ، انکے لاجسٹک مراکزپر ہی کارروائیاں کیں:دفتر خارجہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان حکومت ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج، بی ایل اے اور فتنہ الہندوستان کو پناہ دے رہی ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں شہری ہلاکتوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، گمراہ کن بیانیے افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کا خطرہ نہیں چھپا سکتے ، طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان پرحملوں کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ دار ہے ۔ترجمان نے کہا کہ یو این مانیٹرنگ رپورٹس بھی طالبان حکومت کے دہشتگرد تنظیموں کوپناہ دینے پر اظہارتشویش کرتی ہیں، طالبان حکومت ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج، بی ایل اے فتنہ الہندوستان سمیت دہشتگردتنظیموں کوپناہ دے رہی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے منصوبہ بندی، مالی معاونت سے ہوئے دہشتگرد حملوں میں ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے ، پاکستان اپنے شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر مسلسل حملوں کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتا، پاکستان کی کارروائیاں حق دفاع کے تحت اور آخری چارہ کار کے طور پر کی گئیں، پاکستانی کارروائیاں افغانستان میں صرف دہشتگردوں اور ان کے لاجسٹک مراکزپرکی گئیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے خطرے کے تناسب سے جوابی کارروائی کی اور احتیاط وامتیاز کے اصولوں کی پابندی کی، عالمی برادری افغان طالبان حکومت کویو این سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کا پابند بنائے ،افغان سرزمین کو دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنا افغان طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے ، پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments