کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ،خالد مقبول
بھارت کا 7 دہائیوں سے قبضہ عالمی قوانین کے منافی ہے ، چیئرمین ایم کیو ایم اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لے ،یوم کشمیر پر پیغام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خصوصی پیغام میں 27 اکتوبر 1947 کے دن کو برصغیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی افواج کے غاصبانہ تسلط اور معصوم شہریوں پر روا رکھے جانے والے مظالم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 1947 میں آج ہی کے دن بھارتی غاصب فورسز نے سری نگر میں داخل ہو کر نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کی تھی بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کو بھی پامال کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا گزشتہ سات دہائیوں سے جاری غیر قانونی قبضہ اور وادی کی خصوصیت کو ختم کرنا عالمی قوانین کے منافی ہے ، جس کے باعث آج پورا مقبوضہ کشمیر ایک کھلی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لیں اور وادی میں بھارتی سفاکیت کو بند کرانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور دائمی امن کا قیام صرف اور صرف مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل پر منحصر ہے ۔ چیئرمین ایم کیو ایم نے کشمیری عوام کی بے مثال استقامت اور حریت پسندوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایم کیو ایم کے تمام کارکنان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حقِ آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت بلا کم و کاست جاری رکھی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments