بلوچستان ،پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں ، 8 دہشتگرد ہلاک
پنجگور میں 2،ضلع کیچ میں 2،متنی میں 5دہشتگرد مارے گئے ، 5ڈرون مار گرائے
کوئٹہ ،پشاور(کرائم رپورٹر،اے پی پی) بلوچستان اورخیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسزاورسی ٹی ڈی کی کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں سمیت 8 دہشتگرد مارے گئے جبکہ حملوں کی کوششوں کوناکام بناتے ہوئے 5 ڈرون مار گرائے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن رد الفتنہ تھری کے تحت سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پنجگور کے علاقے میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیاجبکہ ضلع کیچ کے علاقے میناز میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کے د وران فتنہ الہندوستان کے ایک دہشتگرد کو ماراگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بولیدہ کے علاقے مینازمیں دہشتگردوں نے 2 خواتین کو اپنے ہمراہ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے فرارہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلا ک ہوگیا۔ اس کے علاوہ خاران کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے ڈرون حملوں کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 ڈرون مار گرائے ، سکیورٹی فورسز نے پانچوں ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا ،کوئی جانی مالی نقصان نہیں ہوا ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈرون کے ذریعے البٹ میں قائم پوسٹ کو نشانہ بنانے کے لئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کم درجے کے ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش کی تھی ۔
دریں اثنا پشاور کے علاقے متنی میں سکیورٹی فورسز اور کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔یہ کارروائی تھانہ متنی کی حدود میں عزہ خیل روڈ پر واقع آخون بابا قبرستان کے قریب عمل میں لائی گئی جہاں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی ہے جن میں ریاض عرف حذیفہ، ذاکر عرف عدنان، اویس، منیب عرف لیوانے اور ابن امین عرف محمدی شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے کے بعد علاقے کی تلاشی لی گئی تو دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد ہوا۔برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک آر پی جی-7 لانچر، ایک راکٹ، دو آئی ای ڈیز، دو سب مشین گنز اور دو پسٹل سمیت بڑی تعداد میں گولہ بارود شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments