احسن بھون گروپ کے امجد شاہ سپریم کورٹ بار کے صدر منتخب

احسن بھون گروپ کے امجد شاہ سپریم کورٹ بار کے صدر منتخب

امجد کے 1907ووٹ ، حامدخان گروپ کے سردار امان 1215 ووٹ لے سکے آئینی ترامیم کی حمایت کر ینگے :احسن بھون،وزیراعظم شہبازشریف کی مبارکباد

اسلام آباد ،لاہور(کورٹ رپورٹر،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق احسن بھون  کے انڈیپنڈنٹ گروپ نے صدارتی نشست پر کامیابی حاصل کر لی ہے ،ملک بھر کے 13 پولنگ سٹیشنز میں سے 12 کے نتائج کے مطابق انڈیپنڈنٹ گروپ کے سید امجد شاہ1907ووٹ لے کر پہلے جبکہ حامدخان کے پروفیشنل گروپ کے سردار امان خان 1215 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ صرف کوئٹہ کے نتائج آنا باقی ہیں ۔ لاہور میں سید امجد شاہ نے 640 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار امان خان کو 410 ووٹ ملے ۔لاہور سے سیکرٹری کی نشست پر احسن بھون گروپ کے عارف اعوان 525ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ حامد خان گروپ کے عرفان اکرم 518 ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر رہے ، لاہور میں ایک ہزار چھپن ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

اسلام آباد میں سید امجد شاہ نے 355 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ سردار امان خان کو 264 ووٹ ملے ۔ جنرل سیکرٹری کی نشست پر محمد عارف اعوان 305 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ میاں عرفان اکرام نے 288 ووٹ حاصل کیے ۔کراچی میں پولنگ کے بعد مختلف نشستوں پر ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی، غیر حتمی نتائج کے مطابق صدارتی نشست پر انڈیپنڈنٹ گروپ کے سید امجد شاہ نے 230 ووٹ حاصل کیے جبکہ پروفیشنل گروپ کے سردار امان خان 160 ووٹ لے سکے ۔ جنرل سیکرٹری کی نشست پر پروفیشنل گروپ کے میاں عرفان اکرم نے 192 اور انڈیپنڈنٹ گروپ کے محمد عارف اعوان نے 182 ووٹ حاصل کیے ۔ پشاور میں امجد شاہ کو 183 اور امان خان کو 116 ووٹ ملے ، جبکہ ملتان میں دونوں امیدواروں نے بالترتیب 127 اور 116 ووٹ حاصل کیے ۔ایبٹ آباد میں سید امجد شاہ نے 71 جبکہ سردار امان خان نے 15 ووٹ حاصل کیے ۔

بہاولپور میں امجد شاہ کو 82 اور امان خان کو 46 ووٹ ملے ۔ حیدرآباد میں امجد شاہ نے 60 جبکہ امان خان نے 39 ووٹ حاصل کیے ۔سکھر میں سید امجد شاہ کو 52 اور سردار امان خان کو 9 ووٹ ملے ۔ ڈی آئی خان میں امجد شاہ نے 37 جبکہ امان خان نے 7 ووٹ حاصل کیے ۔ سوات میں دونوں امیدواروں کو بالترتیب 37 اور 21 ووٹ ملے ، جبکہ بنوں میں امجد شاہ نے 33 اور امان خان نے 12 ووٹ حاصل کیے ۔اسلام آباد میں سید امجد شاہ نے 355 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ سردار امان خان کو 264 ووٹ ملے ۔ جنرل سیکرٹری کی نشست پر محمد عارف اعوان 305 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ میاں عرفان اکرام نے 288 ووٹ حاصل کیے ۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔دریں اثنا لاہورمیں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن بھون نے جیت پر بار کے وکلا کو مبارکباد دی اور تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چودھری پرویز الٰہی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق ہونے والی ترامیم کی حمایت کر ینگے ، دوسری جانب نومنتخب صدر سید امجد شاہ نے بھاری مینڈیٹ ملنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ حمایت کرنے پر وکلا برادری کے شکر گزار ہیں، آئین اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیپنڈنٹ گروپ کی قیادت اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کو خصوصی مبارکباد دی اور نو منتخب صدر سید امجد شاہ اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندار فتح وکلا کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اور قانون و انصاف کے حوالے سے حکومتی موقف کی حمایت کی مظہر ہے ۔ وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی پر سید امجد شاہ اور ان کے پورے پینل کو مبارک باد دی اورکہا کہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی مسلسل کامیابیاں وکلا کا احسن بھون کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہیں۔ عاصمہ جہانگیر مرحومہ کی اصولی جدوجہد اور قانون کی بالادستی کے لیے ان کی خدمات وکلا برادری کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی نئی قیادت وکلا کی فلاح و بہبود اور بار کے وقار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...