فضل الرحمن کی اپنی سیاست ، عوامی مسائل پر متحد ہیں:بیرسٹرگوہر
بانی کی بہنوں کو رہا کیا جائے ،لانگ مارچ جرم نہیں:چیئرمین پی ٹی آئی دہشت گردی کے بجائے تجاوزات کیخلاف آپریشنز ہورہے :شوکت یوسفزئی
اسلام آباد،پشاور (این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم مولانا فضل الرحمن کے ساتھ اتحاد چاہ رہے تھے وہ ہمارے ساتھ نہیں آئے ، مولانا کی اپنی اور ہماری اپنی جماعت ہے ، ان کی اپنی سیاست ہے اور ہماری اپنی ہے ، عوامی مسائل پر پارلیمنٹ کے اندر ہم متحد ہیں،جہاں تک وزیر اعلیٰ پختونخوا کا تعلق ہے تو سہیل آفریدی ہمارے وزیر اعلیٰ ہیں اوروہی وزیراعلیٰ رہیں گے ۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ غیر سیاسی خواتین کو قید کرنا ہماری روایات نہیں، خواتین کی گرفتاری سے تلخی اور تنا ؤبڑھ رہا ہے ،نورین بی بی کی طبیعت خراب ہونے پر تشویش ہے ، ان کو فی الفور رہا کیا جائے ۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دیگر دونوں بہنوں کو بھی رہا کیا جائے ،لانگ مارچ کرنا کوئی جرم نہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کو سنجیدہ مشاورت کی ضرورت ہے ۔ادھر اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کبھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مخالفت نہیں کی، ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیشہ اداروں کا ساتھ دیا ،گورنر پختونخوا کی ترجیحات بدل رہی ہیں، دہشت گردی کے بجائے تجاوزات کیخلاف آپریشنز ہورہے ہیں،گورنر راج سرکار نے 16 دنوں میں ایسا کون سا کام کیا جو پی ٹی آئی نہیں کر رہی تھی؟۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ان حالات میں غریبوں سے روزگار چھیننا کوئی دانشمندی نہیں، پنجاب گندم پیدا کرنے والا صوبہ ہے آج وہاں بھی آٹے کا بحران ہے ، موجودہ بحرانوں کا حل صرف اور صرف مذاکرات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments