پختونخوا، انسانی حقوق شکایات کیلئے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل بنانیکا فیصلہ
پشاور(دنیا نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے انسانی حقوق سے متعلق اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے شکایات کی وصولی، متعلقہ اداروں کو منتقلی اور ان پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کی جائے گی۔
مشیرِ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بتایا مجوزہ پورٹل کے ذریعے شکایات کے حل میں تاخیر اور مختلف اداروں کی جانب سے ایک ہی نوعیت کی کوششوں میں تکرار کو کم کرنے میں مدد ملے گی، اس مقصد کے لیے موجودہ اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا اور کوئی نیا متوازی ادارہ قائم نہیں کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ ادارے اپنے قانونی دائرئہ اختیار میں رہتے ہوئے کام جاری رکھیں گے ، محکمۂ سماجی بہبود، پولیس، محتسبین اور انسانی حقوق سے متعلق دیگر اداروں کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جائے گا، مجوزہ طریقئہ کار کے تحت ہر ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انسانی حقوق سے متعلق امور اور شکایات کو متعلقہ اداروں کے پاس ریفر کرے گا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر کے دفاتر میں انسانی حقوق سے متعلق ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments