کابینہ کمیٹی :فاضل چینی کی برآمد کیلئے پالیسی رہنما اصول تشکیل

 کابینہ کمیٹی :فاضل چینی کی برآمد کیلئے پالیسی رہنما اصول تشکیل

ملکی منڈیوں میں قیمتوں کا استحکام برقرار رکھنا اولین ترجیح :نائب وزیراعظم پاکستان کے قومی مفادات کیلئے مسلسل سفارتی روابط ضروری:اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد (وقائع نگار) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فاضل چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں چینی کی برآمد کیلئے پالیسی رہنما اصولوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمیٹی نے آئندہ کرشنگ سیزن تک چینی کے حتمی ذخائر کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا۔ اس کا مقصد فاضل چینی کی مجموعی مقدار کا درست اندازہ لگانے کے ساتھ ملک بھر میں مقامی استعمال کے لیے چینی کے وافر ذخائر کی دستیابی یقینی بنانا تھا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مقامی صارفین کے تحفظ سے متعلق وزیراعظم کی ہدایات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی کی برآمد میں سہولت فراہم کرنے کا مقصد مقامی کسانوں کی معاونت، چینی کی صنعت کو مضبوط بنانا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا ہے، تاہم ملکی منڈیوں میں قیمتوں کا استحکام برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی کی برآمد کے دوران سپلائی چین کو ہموار رکھنے اور مارکیٹ میں کسی بھی قسم کے بگاڑ کو روکنے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام نافذ کیا جائے۔

دوسری طرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور جاری سفارتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کے دوران اسحاق ڈارنے پاکستان کے قومی مفادات کے فروغ کیلئے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسروں کو قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے اور اہم ترجیحات پر بروقت پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ اجلاس میں اہم علاقائی و عالمی پیش رفت، آئندہ اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط اور دوطرفہ و کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...