پٹرول پر 15 روپے لٹر بوجھ ریفائنریز کو منتقل :قیمت مقررکر نے کا فارمولا 30دن کیلئے تبدیل، فیول ریلیف سکیم برقرار،گیس کی زیادہ قیمت کیخلاف 2دن میں اقدامات سامنے آئینگے :وزرا

پٹرول پر 15 روپے لٹر بوجھ ریفائنریز کو منتقل :قیمت مقررکر نے کا  فارمولا 30دن کیلئے تبدیل، فیول ریلیف سکیم برقرار،گیس کی زیادہ قیمت کیخلاف 2دن میں اقدامات سامنے آئینگے :وزرا

ریفائنریز نے 3 مہینے کے اندر اتنا منافع کمایا جو برسوں میں نہیں ملا،عوام کو ریلیف کیلئے انہو ں نے 15ارب کا بوجھ اٹھایا، حکومت نے پیسہ لے کر اپنا خسارہ پورا نہیں کیا،عوام میں تقسیم کیا،علی پرویز ملک گیس کی چھ سات سو روپے کلو قیمت غلط، عوام کو تکلیف دینے والوں کو حساب دینا پڑیگا،مارکیٹ نارمل ہو تو جلد سارا نظام بہتر کرینگے ،وزیر پٹرولیم، عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ،عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزرا علی پرویز ملک اور عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جمعہ کو پٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ ہونا تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے ریفائنریز پر منتقل کیا گیا ہے ، پٹرول کی قیمت مقرر کرنے کا فارمولا 30 دن کیلئے تبدیل، ریفائنریز ماہانہ تقریباً 15 ارب روپے کا مالی بوجھ برداشت کریں گی، گیس کی زیادہ قیمت کیخلاف 2دن میں اقدامات سامنے آئیں گے ۔ وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے عطاتارڑ کے ہمراہ کانفرنس کرتے ہوئے کہا عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستانی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوئے ۔ پاکستان کو معاشی اور توانائی کے شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، انشورنس اور لاجسٹکس کے خرچے بڑھ رہے ہیں، خطے میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد صار فین ریلیف سے پٹرولیم مصنوعات سے مستفید ہورہے ہیں، کسی کے ساتھ حکومت کوئی زیادتی نہیں کرنا چاہتی، شفاف طریقے سے بین الاقوامی بحران سے نکلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے ، عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا اجرا کیا ۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی ہے ، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لٹر سستا پٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے ، ریفائنریز کی مدد سے پٹرول کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا۔وزیر پٹرولیم نے کہاکہ ریفائنریز نے 3 مہینے کے اندر اتنا منافع کمایا جو برسوں میں نہیں کمایا تھا۔ جمعہ کے روز پٹرول کی قیمتوں میں 15 روپے کا اضافہ ہونا تھا، مگر ریفائنریز نے اس حوالے سے تعاون کیا، حکومت کیساتھ مل کر 15 ارب کا لوڈ ان ریفائنریز نے اٹھایا ہے ۔وزیر پٹرولیم نے کہاکہ پٹرولیم پر پریمیم 10 سے 20 ڈالرفی بیرل اضافہ آرہا ہے ، جنگ سے پہلے پٹرول پرپریمیم 5 ڈالر تھا جو 20 ڈالرفی بیرل پرگیا،ڈیزل پر خام تیل کا فارمولا لاگو ہے ، مقامی ریفائنریز 30 فیصد پیٹرول پیدا کرتی ہے ۔

عوام نے تیل کی قیمت کے لیے بہت مشکلات برداشت کیں، حکومت کسی سے زیادتی نہیں کرے گی، عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گیس کی آج جو چھ سات سو روپے فی کلو قیمت لی جارہی ہے یہ غلط ہے ،گیس کی زیادہ قیمت لینے کے خلاف اقدامات لیے جارہے ہیں، ایک دو دن میں سامنے آجائیں گے ،گیس کی قیمت میں جو عوام کو تکلیف دے رہے ہیں ان کو حساب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے پیسہ لے کر اپنا خسارہ پورا نہیں کیا،عوام میں تقسیم کیا، مل جل کر بوجھ اٹھانے کے نظام سے ہی آگے چل رہے ہیں، ایل این جی کے جہاز پر حملہ کیا گیا، ہمارے پاس ایل پی جی کے 2 ٹرمینلز موجود ہیں،انہیں استعمال کریں گے ۔علی پرویز ملک نے کہاکہ جیسے ہی مارکیٹ نارمل ہو جائے تو جلد سارے نظام کو بہتر کریں گے ، صرف 30دن تک یہ فارمولا لاگورہے گا، اس وقت خطے کی بدترین جنگ جاری ہے ،جنگ کے بعد سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کریں گے ، جیسے ہی مارکیٹ نارمل ہو جائے تو جلد سارے نظام کو بہتر کریں گے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہاکہ دنیا بھر کی طرح خطے کی صورتحال سے پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے ، تاہم حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیراعظم کا پہلے دن سے ویژن تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام پر ڈالا جائے ، دنیا بھر کی طرح خطے کی صورتحال سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی، باب المندب اور آبنائے ہرمز میں صورتحال کا ہر ملک کی معیشت پر اثر پڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوئے لیکن ہمارے میکرو اکنامک انڈیکیٹرز بہتر رہے ۔وزیرا طلاعات نے کہاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے فیول ریلیف اسکیم جاری رہے گی، موٹر سائیکل، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ریلیف سکیم شروع کی گئی، فیول سبسڈی سکیم کے لیے متعلقہ محکموں نے مل کر اقدامات کیے ، حکمت عملی کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کو روکا۔

انہوں نے کہاکہ جمعہ کو پٹرول کی قیمت 15 روپے بڑھنی تھی، وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ ریفائنریز پر ڈالا گیا، کم سے کم بوجھ عوام پر منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ہے ۔ وزیراعظم فیول ریلیف جیسا نظام وضع کرنا ممکن نہیں تھا، وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہیں، اتنی بڑی تعداد میں افراد کا رجسٹرڈ ہونا اور انہیں سستے تیل کی فراہمی کسی سکیم کی کامیابی کا بڑا ثبوت ہے ، اب تک سکیم کے تحت 27 ارب روپے ریلیف کی مد میں دئیے جا چکے ہیں۔ آئل ریفائنریز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے ۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ریفائنریز کے لیے پٹرول کی قیمت مقرر کرنے کا فارمولا تبدیل کردیا ہے ۔پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی کابینہ نے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے ۔حکومت نے آئل ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ درآمدی قیمت اور ریفائنری کی سطح پر مقررہ قیمت کے درمیان فرق سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے ، جبکہ اس سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ پٹرول کی قیمت میں کمی کی صورت میں عوام کو منتقل کیا جائے گا۔حکومت نے ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 30 روز تک پٹرول کی قیمت کے تعین میں پریمیم، دیگر اخراجات اور کسٹم ڈیوٹی کی سطح 7 مارچ 2026 کے مطابق برقرار رکھی جائے ، جسے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ سے قبل کی بنیاد تصور کیا گیا ہے ۔پٹرولیم ڈویژن کے مطابق درآمدی قیمت اور ریفائنری قیمت میں پیدا ہونے والا فرق پٹرولیم لیوی کی مد میں قومی خزانے میں جمع ہوگا، اور اسی رقم کے برابر ریلیف پٹرول کی قیمت میں کمی کے ذریعے صارفین کو دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...