پاکستان اور کوریا کی سپریم کورٹس میں عدالتی تعاون کا معاہدہ
چیف جسٹس یحیی آفریدی کا کوریا کا دورہ، مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان عدالتی تعاون، جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور عدالتی اصلاحات کے فروغ کیلئے دوطرفہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحیی آفریدی اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جو ہی دے نے سیول میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی ان دنوں کوریا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے جمہوریہ کوریا کی نیشنل کورٹ ایڈمنسٹریشن کے وزیر جسٹس نو گیونگ پِل سے بھی ملاقات کی جس میں عدالتی انتظامی امور، ادارہ جاتی نظم و نسق اور انصاف کی فراہمی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کوریا کی سپریم کورٹ کے آئی ٹی سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں جاری عدالتی اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کے تناظر میں کوریا کے تجربات سے استفادہ اور ادارہ جاتی تعاون کے ممکنہ شعبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments