دہشتگردی کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کیا جائے :پی ٹی آئی
سہیل آفریدی سمیت تمام اراکین اسمبلی،کارکنوں کو رہا کیا جائے :سیاسی کمیٹی اعلامیہ سیف کے دعوے جھوٹے :گوہر،سوشل میڈیا سے رابطہ ہے نہ کنٹرول:سلمان راجہ
پشاور،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،کورٹ رپورٹر) تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت تمام اراکین اسمبلی اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند اور کارکنوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے ، تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، مہنگائی اور امن و امان پر تفصیلی غور کیا گیا،اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، سپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اُن سمیت دیگر تمام افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا،کمیٹی نے بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر اظہارِ تشویش کیا اور کہا کہ اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر ہسپتال منتقلی کے اقدامات تشویش ناک اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں، کمیٹی نے بانی کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی شدید مذمت کی، اعلامیے میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب اور شاہ احد کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کی گئی ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
، ضروری اشیائے خور ونوش، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے اخراجات میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔سیاسی کمیٹی نے کہا کہ ایل پی جی 238 روپے فی کلو کے حساب سے حاصل ہونے کے باوجود صارفین کو 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے ، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے ، پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بیرسٹر سیف کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہے ہیں، بیرسٹرسیف کے تمام دعوے جھوٹے ہیں،انہوں نے کہاکہ بانی سے ملاقات کے لیے عدالت اور مذاکرات کے ہر طریقے سے کوشش کی، تمام کوششوں کے باوجود ہمیں ایک بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی،مذاکراتی عمل کے دوران عمران خان تک رسائی بھی ہماری شرائط میں سے شامل تھی،ادھر لاہو ر ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد تمام آزادیاں ختم ہو چکی ہیں،ہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر اٹھائیسویں آئینی ترمیم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے ،انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر عدالت میں انصاف لینے آئے ہیں، علیمہ خان کا غریب ڈرائیور بغیر کسی جرم کے جیل میں پڑا ہے ، آج یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ یہ عمارتیں اور یہ قانون ایک جھانسہ ہیں، اگر یہ سب مل کر ایک قیدی تک رسائی نہیں دلا سکتے تو پھر ان کا کیا فائدہ ہے ۔آئین میں بنیادی حقوق تو موجود ہیں لیکن آج وہ حقوق کہاں ہیں؟ ہم عدالتوں میں اس لیے آتے ہیں تاکہ قوم کو جھنجھوڑتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے اور ان سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی اس پر ہمارا کوئی کنٹرول ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments