توہین عدالت ہوئی تو کسی کو نہیں چھوڑا جائیگا:جسٹس اعظم
فیصلہ ماننا پڑیگا،اے این ایف توہین عدالت کیس میں FPSCسے رپورٹ طلب FIAاور NCCIAکے ملازمین کی مستقلی مقدمہ میں انٹرویو نتائج جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان اور جسٹس ایاز شوکت پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اے این ایف میں سروس مستقلی سے متعلق عدالتی حکم پر عملددر آمدنہ ہونے پر توہین عدالت کیس میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالتی طریقہ کار کے بغیر ایف پی ایس سی کے افسر کی دستاویز عدالت کو دینے پر جسٹس اعظم خان نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا یہ کونسا طریقہ ہے کہ کیس کے دن آجاتے ہیں اور کاغذ دے دیتے ہیں، وکیل صاحب ان کو طریقہ بتا دیں۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا جب بھی فیصلہ محفوظ ہونے لگتا ہے درخواست گزار بینچ تبدیل کرا دیتے ہیں۔ جسٹس اعظم خان نے کہا اگر اس بار انہوں نے ایسا کیا تو جرمانہ ہوگا، اگر عدالتی حکم کی توہین ہوئی تو کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا، بینچ کا فیصلہ ماننا پڑے گا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے توقیر احمد کی درخواست پر سماعت کے جاری حکمنامہ میں ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے کے ملازمین کی مستقلی کے کیس میں آئندہ سماعت سے قبل انٹرویوز کے نتائج مکمل کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرلز انٹرویوز کے نتائج رپورٹ میں شامل کریں ،مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments