قائمہ کمیٹی :این ایچ اے کے تاخیری منصوبوں کی رپورٹ طلب
سکھر حیدرآباد کے سیکشن 3، 4 اور 5 پر کام جنوری تک شروع ہوگا،این ایچ اے حکام
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) کے تاخیر کا شکار منصوبوں، ناقص تعمیرات اور شاہراہوں کی خستہ حالی پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔چیئرپرسن اعجاز حسین جکھرانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی سید رفیع اللہ کے سوال پر کمیٹی نے سڑکوں کی قبل از وقت ٹوٹ پھوٹ سے متعلق این ایچ اے کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مٹی کے معائنے ، بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت اور تعمیراتی معیار کی تفصیلات مانگ لیں۔سکھر شکارپور ہائی وے کی خراب حالت پر این ایچ اے کے سی ای او نے اعتراف کیا کہ کمیٹی کو پیش کردہ تصاویر زمینی حقائق کے مطابق نہیں تھیں۔ کمیٹی نے متعلقہ شاہراہ کا دورہ اور سکھر میں خالی جنرل منیجر کی اسامی پر فوری تعیناتی کی ہدایت کی۔این ایچ اے کے مطابق ایم 6 سکھر حیدرآباد کے سیکشن 3، 4 اور 5 پر کام جنوری 2027 تک شروع ہوگا۔ کمیٹی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو سندھ میں تعینات کرنے ، جاری سکیمیں مکمل کرنے اور بلوچستان میں عملے کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کے لیے متبادل فنڈنگ جبکہ موٹروے پولیس کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments