مہمند:پولیومہم پر جانیولے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ،2شہید
تحصیل پنڈیالی کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں نامعلوم افراد نے گولیاں چلائیں شہید ہونے والوں میں ظہور اور عربی شامل، ایک اہلکار زخمی ، ہسپتال منتقل
مہمند(دنیا نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ہاشم کور پولیس چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت ظہور اور عربی کے نام سے ہوئی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں تاہم ملزموں کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments