مزدوروں کو نئی شرح کے مطابق اجرت دی جائے :قائمہ کمیٹی
کمیٹی کا مختلف اداروں کے کم از کم اجرت ادائیگی سے متعلق جوابات پر تحفظات کا اظہار حادثات کاشکارمزدوروں کیلئے مالی امداد بڑھا کر 30لاکھ روپے کی جائے :کمیٹی ممبران
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی نے وزارت کے ماتحت تمام بورڈز اور اداروں کو سفارش کی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی مزدوروں کو نئی شرح کے مطابق ادائیگیاں یقینی بنانے کے لیے خودکار طریقہ کار اور قواعد وضع کیے جائیں۔ کمیٹی نے مختلف اداروں کی جانب سے کم از کم اجرت کی ادائیگی سے متعلق جوابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اعلان کے بعد نئی اجرت پر عملدرآمد میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید رفیع اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سابقہ سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان کے علاقے سورانگ میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے حادثے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ محکمہ معدنیات کے تین اور محکمہ محنت کے دو اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ، متعلقہ کمپنیوں کے خلاف ایف آئی آر درج اور شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں میں امداد کی تقسیم کے لیے 34 چیک ڈپٹی کمشنر کے حوالے کیے گئے ہیں۔ کمیٹی نے تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کو سفارش کی کہ کسی بھی حادثے میں جاں بحق یا متاثر ہونے والے مزدوروں کے لیے مالی امداد کی رقم بڑھا کر 30 لاکھ روپے کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments