پورا سسٹم خراب، کوئی پولیس والاٹھیک کام نہیں کرتا، نظام کیسے درست ہو گا؟ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
9 سال گزر گئے ، سپردداری درخواست پر فیصلہ نہ ہوا:درخواستگزار، اپنے نظام کو درست کیوں نہیں کرتے ؟ :جسٹس عالیہ نیلم کا سی سی پی او لاہورسے استفسار 2010 تک کا ریکارڈ درست کیا جائے گا:صدیق کمیانہ ، جب تمام چیزیں موجود تھیں تو عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا؟ :عدالت، درخواست ناقابلِ سماعت قرار
لاہور(کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گاڑی کی سپردداری کیلئے دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے سی سی پی اولاہورکو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ یہ پورے سسٹم پر سوالیہ نشان ہے ، آپ اپنے سسٹم کو ٹھیک کیوں نہیں کرتے ؟ ،کوئی پولیس والا ٹھیک کام نہیں کرتا، اس طرح نظام کیسے درست ہوگا؟ ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے طاہر علی پھول کی جانب سے 9 سال سے چالان جمع نہ ہونے پر گاڑی کی سپردداری کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے حکم پر سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ ،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وقاص عمر سیال عدالت پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ 9 سال گزر گئے ، سپردداری درخواست پر فیصلہ نہیں ہوا۔چیف جسٹس نے درخواست گزار کی حیثیت سے متعلق استفسار کیا تو پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی درخواست گزار سے برآمد ہوئی تھی، مقدمہ 2015 میں درج کیا گیا۔
گاڑی کا نمبر ٹیمپرڈ ہونے کا انکشاف ہوا، جس پر سپردداری کی درخواست خارج کردی گئی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سی سی پی او کو مخاطب کرتے ریمارکس میں کہا کہ آپ اپنے نظام کو درست کیوں نہیں کرتے ؟ اس موقع پر سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ نے عدالت کو بتایا کہ 2010 سے اب تک کا ریکارڈ درست کیا جائے گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ جب تمام چیزیں موجود تھیں تو ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا؟ پورا نظام ہی خراب ہے ، کوئی کام نہیں کرتا، یہ نظام کیسے ٹھیک ہوگا؟۔عدالت نے درخواست گزار سے گاڑی خریدنے اور اس کے کاغذات سے متعلق بھی سوالات کیے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ گاڑی ان کے موکل کے نام منتقل نہیں ہوئی تھی۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جب گاڑی کے کاغذات آپ کے نام پر نہیں اور نمبر بھی ٹیمپرڈ ہے تو آپ خود کو مالک کیسے قرار دے سکتے ہیں؟ آپ کے خلاف تو مقدمہ بنتا ہے ، آپ بوگس نمبر لگا کر گاڑی چلا رہے تھے ،عدالت نے گاڑی سپردداری کی درخواست خارج کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments