پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنیکا فیصلہ
خودکار نظام کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کا سلسلہ ختم ہو جائیگا ، وفاقی وزیر توانائی مسائل کے حل کیلئے مشاورتی اجلاس، وفاقی حکومت بجلی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے پر آمادہ
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں بجلی و توانائی کے درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لئے اہم مشاورتی اجلاس ہوا ، اجلاس وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری ،وفاقی وزیر پٹرولیم نے خیبر پختونخوا کے توانائی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کا مقصد وزیراعظم کے ویژن کے تحت صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر توانائی کے نظام میں بہتری ،عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا تھا۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم (اے پی ایم ایس) نافذ کیا جا رہا ہے اس جدید اور خودکار نظام کے تحت روایتی انداز میں پورے فیڈر کو بند کرنے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور ٹرانسفارمرز پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی ،اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی، سیکرٹری پاور ڈویژن، سیکرٹری پٹرولیم، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں توانائی کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورا نیہ کو کم سے کم کیا جائے ، وفاقی وزیر اویس احمد خان لغاری نے عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہوئے خیرسگالی کے طور پر اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ زیادہ نقصانات والے علاقے جہاں طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی، وہاں لوڈ شیڈنگ کم کر کے بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے گا ، وفاقی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام اس حکومتی اقدام اور اعتماد کا مثبت جواب دیں گے ۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ باہمی رابطوں کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ طے شدہ لائحہ عمل پر عملدرآمد کر کے خیبر پختونخوا کے شہریوں کے لیے فوری اور پائیدار ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments