پاکستان سعودیہ کا میڈیا، ثقافت، سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
عطا تارڑ ، سردار یوسف سے سعودی سفیر کی ملاقات، مکہ معاہد ہ دیگر امور پر بات چیت پاکستان میرا پہلا گھر ، مہمان نوازی ، علامہ اقبال کی شاعری سے متاثر ہوں ،سعودی سفیر
اسلام آباد (دنیا نیوز،اپنے رپورٹرسے ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ،وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجح بن طامی البقمی نے ملاقات کی ،ملاقات میں وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی ،اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا،عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر راجح بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا ، دریں اثنا سعودی سفیر نے وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ملاقات کی جس میں پاک سعودی تعلقات، مذہبی شعبے میں تعاون، حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ عوام کے دل کی آواز ہے اور پاکستان کی حرمین شریفین سے نسبت قیامت تک برقرار رہے گی ،اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی ان کے لئے اعزاز کی بات ہے اور پاکستان اب ان کا پہلا گھر ہے ، سعودی سفیر نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری سے اپنی گہری دلچسپی اور متاثر ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علامہ اقبال کے کلام کو بے حد پسند کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments