غاروں کی بحالی منصوبے کا افتتاح
اسلام آباد (اے پی پی)سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اسلام آباد میں تاریخی شاہ اﷲ دتہ بدھا غاروں کے تحفظ و بحالی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب خان کھچی اور وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
حمزہ شہباز شریف نے شاہ اﷲ دتہ بدھا غاروں کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تاریخی اہمیت اور بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ شاہ اﷲ دتہ بدھا غاروں کا تحفظ پاکستان کے مشترکہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کی جانب ایک اہم قدم ہے ،اسلام ہمیں دیگر مذاہب کے احترام، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کا درس دیتا ہے ۔ شاہ اﷲ دتہ بدھا غاروں کی بحالی سے پاکستان کا مثبت اور روشن تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوگا، ان تاریخی مقامات کو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے ایک پرکشش سیاحتی مقام بنایا جائے گا۔ حمزہ شہباز شریف نے شاہ اﷲ دتہ بدھا غاروں تک بہتر اور براہِ راست رابطہ سڑک کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر سفری سہولیات سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا جس سے مقامی آبادی کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments