شیخ الجامعہ کراچی اور انسٹیٹیوٹ انتظامیہ کے درمیان شدید تنازع
وسیم قاضی ڈائریکٹر جنرلKIBGE کی رہائش گاہ ذاتی استعمال میں لانے کے خواہشمند تزئین و آرائش کیلئے 50 لاکھ بھی منظور،بورڈ آف گورننس کے اراکین کو اعتراض
کراچی (احسن چانڈیو) جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (KIBGE) کی انتظامیہ اور وائس چانسلر کے درمیان ڈائریکٹر جنرل کی سرکاری رہائش گاہ کے استعمال کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کرگیا۔ ذرائع کے مطابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر وسیم قاضی ڈائریکٹر جنرل کی رہائش گاہ اپنے ذاتی استعمال میں لانے کے خواہشمند ہیں، جس پر بورڈ آف گورننس کے اراکین نے بھی اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورننس کے اراکین اور ڈائریکٹر جنرل کی منظوری کے باوجود وائس چانسلر نے مذکورہ رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے 50 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے ۔ اس فیصلے پر بورڈ کے اراکین کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وائس چانسلر کی جانب سے اب تک بورڈ آف گورننس کا اجلاس بھی طلب نہیں کیا گیا، جس کے باعث رہائش گاہ کے استعمال اور اس پر سرکاری فنڈز خرچ کرنے کے معاملے پر مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ آف گورننس کا اجلاس طلب کیے جانے کی صورت میں وائس چانسلر کی جانب سے رہائش گاہ کو ذاتی استعمال میں لانے کے فیصلے کی سخت مخالفت متوقع ہے ۔جامعہ کراچی کے ایک اہم تحقیقی ادارے میں انتظامی سطح پر پیدا ہونے والے اس تنازع نے ادارے کے انتظامی معاملات اور اختیارات کے استعمال پر نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments