پی ٹی آئی مولانا اور ہمسایہ ممالک سے لڑائی ،مسائل کب حل ہونگے:بلاول بھٹو

پی ٹی  آئی  مولانا  اور  ہمسایہ  ممالک  سے  لڑائی ،مسائل کب  حل  ہونگے:بلاول  بھٹو

بلوچستان کو بھی شکایات،تعاون نہیں مل رہا ،دھاندلی کی شکایات کے ازالے کیلئے بہترین فورم پارلیمانی کمیٹی وزیراعظم سے ملاقات مثبت رہی، صوبوں میں کابینہ اجلاس بلانے کی دعوت دی ہے : لاڑکانہ میں خطاب

لاڑکانہ (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا معاشی بحران میں ہر کسی سے محاذ آرائی کرنے کے بجائے تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائے ،ہمارا فوکس باہمی اختلافات کے بجائے عوام کی مشکلات حل کرنے پر ہونا چاہیے ، اگر ہم پی ٹی آئی سے ، مولانا (فضل الرحمٰن)سے ، دہشت گردوں سے ، افغانستان یا انڈیا سمیت دیگر علاقائی تنازعات میں ہی الجھے رہیں تو عوامی مسائل کب حل ہوں گے ؟اس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، ہماری ترجیح عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے ۔لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وفاقی حکومت، خیبرپختونخوا حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے پر اتفاق ہوا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، دونوں نے مل کر حکمت عملی تیار کی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کو مختلف صوبوں میں کابینہ کے اجلاس بلانے کی دعوت بھی دی ہے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو فروغ دیا جاسکے ۔اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے کراچی میں اجلاس ہوگا، وزیراعظم سے بیرون ملک دورے کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو بھی وفاق سے شکایات ہیں، صوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے وہ تعاون نہیں مل رہا جو ملنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی تجویز قبول کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے تجویز دی ہے کہ اپوزیشن کے نمائندوں کو بھی مکمل تعداد میں اس کمیٹی کا حصہ بنایا جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر اپوزیشن کو انتخابات میں دھاندلی سے متعلق شکایات ہیں تو ان کے ازالے کے لیے بہترین فورم یہی پارلیمانی کمیٹی ہے ، جہاں تمام معاملات پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکتا ہے ۔امریکی انتخابات اور عالمی صورتحال سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکا کے عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا نعرہ لگانے پر مینڈیٹ دیا تھا، امریکی عوام نے جنگ کو مسترد اور امن کو ووٹ دیا ہے ۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سازش کے تحت امریکا کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کیا، جنگ کے حالات دنیا پر مسلط کیے گئے اور اس کا معاشی بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں، ایسا معاشی بوجھ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔صحافی کی جانب سے سیمینار کے حوالے سے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر جگہ لوگ سیمینار، سیمینار کھیل رہے ہیں، آپ بھی لاڑکانہ پریس کلب میں سیمینار رکھیں، میں ضرور شرکت کروں گا۔انہوں نے کہا لاڑکانہ میں صحت کی سہولتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی کوشش کریں گے ، امید ہے کہ 600 بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال شہر کی ضروریات اور اس کے شایانِ شان ہوگا۔ بلوچستان سمیت دیگر علاقوں سے بھی لوگ علاج معالجے کے لیے لاڑکانہ آتے ہیں، جس کے باعث پرانے ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا تھا اور اس کے لیے مزید بوجھ اٹھانا مشکل ہو رہا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...