کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح،ہر قسم کے جرائم ختم کرنا چاہتے ہیں:مریم نواز
آئی جی پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب، ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کی شکایات پر اظہار ناپسندیدگی جعلساز مافیا کیخلاف کارروائی پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کو خراج تحسین،ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزارٹ کے افتتاح کا اعلان
لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب بھر میں ضلع،سرکل اور پولیس سٹیشن لیول پر سمارٹ پولیسنگ سسٹم کا نیا نظام متعارف کرادیا گیا۔ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او لیول پرکارکردگی کی مانیٹرنگ، ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کوہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں، کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصدجرائم کے خاتمے کی مہم کو موثر بنانا ہے ، اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن پوری فورس پر تنقید درست طرزِ عمل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کی وجہ سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پرسوالیہ نشان غلط ہے ، پنجاب میں موثر اصلاحات کی وجہ جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند امر ہے ۔قبل ازیں کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان تنویر نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر ناپسندیدگی کا اظہا رکیا۔انہوں نے پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا درست استعمال یقینی بنانے کا حکم دیااور پولیس بارے منفی پروپیگنڈا پر فوری رسپانس کی ہدایت کی۔اجلاس میں مریم نواز نے آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب کر لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ہر تھانے میں تازہ ترین جرائم کا مکمل ڈیٹا، ایک کلک پر سامنے آجائے گا۔
ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ بھی کیا جائے گا ،ہر شہری کی شکایت/درخواست کا بروقت ازالہ اور تاخیر پر کارروائی ممکن ہوگی،کرائم سرویلنس یونٹ میں 20کیٹگری کے مختلف کرائم کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ کرائم سرویلنس یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی تقاضوں کے مطابق پوسٹ کی نشاندہی بھی کرے گا۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے تونسہ بیراج پر کوٹ ادو میں ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزارٹ کے افتتاح کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘پر پیغام میں لکھا ہے کہ تصور کیجئے ، صبح سویرے چائے کی چسکی لیتے ہوئے نایاب بلائنڈ دریائی ڈولفن کو دریائے سندھ کی لہروں پر اچھلتے د یکھا جائے ،ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ کا آغاز کرتے بے حد خوشی ہو رہی ہے ۔ ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ دریائے سندھ کے کنارے 120 کنال پر قائم کیا گیا ہے ، ریزارٹ میں سیاحوں کیلئے پاکستان کے قدرتی ورثے کو قریب سے دیکھنا تحیر آمیز ہوگا ،یہ منفرد آبی مخلوق کو قریب سے دیکھنے کا نادر موقع فراہم دے گا۔ دوسری طرف مریم نواز نے جعلی کورٹ فیس ٹکٹ سے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب نقصان پہنچانے والے جعلساز مافیا کیخلاف چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف چیف جسٹس کا تاریخی ایکشن قابل تحسین ہے ، ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیاز حقیقی طور پر قومی مجرم ہیں،کرپشن اور جرم کے خلاف عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک پیچ پر ہونا بہتری کی نوید ہے ، پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کی کاوش میں چیف جسٹس کی معاونت پر شکر گزار ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھکر کے قریب ٹریکٹر ٹرالی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments